بلوچستان میں آئی جی جیل خانہ جات سمیت کئی اہم پوسٹیں کئی ماہ سے خالی
کوئٹہ:بلوچستان میں انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات، سیکرٹری صحت اور سیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت کئی اہم پوسٹیں خالی پڑی ہیں جبکہ صوبے میں کئی سینئر افسران کو او ایس ڈی رکھا ہوا ہے۔بلوچستان کے اہم ترین محکمے جیل خانہ جات کے ائی جی کی پوسٹ پچھلے تین ماہ سے خالی پڑی ہوئی ہے۔
صوبائی حکومت نے اس محکمہ کا مستقل آئی جی لگانے کے بجائے محکمہ داخلہ کے ایک ایڈیشنل سیکرٹری کو آئی جی کا اضافی چارج دے دیا جو ڈے ٹو ڈے کی بنیاد پر محکمے کے معاملات چلا رہے ہیں۔
بلوچستان ہائیکورٹ کچھ عرصہ قبل ایک کیس میں محکمہ جیل کا آئی جی اسی محکمے کا آفیسر لگانے کا حکم دے چکی ہے مگر صوبائی حکومت اس پوسٹ پر وفاق سے آئے کسی بابو یا بلوچستان کے کسی افسر کو آئی جی تعینات کرنے کا سوچ رہی ہے جبکہ محکمہ جیل خانہ جات میں گریڈ 20 کا ایک اور گریڈ 19 کے دو افسران موجود ہیں۔
اسی طرح سول سیکرٹریٹ میں سیکرٹری صحت کی اہم پوسٹ تین ماہ سے خالی ہے جس کا اضافی چارج سیکرٹری خزانہ کے پاس ہے، سیکرٹری انفارمیشن کی خالی پوسٹ کا چارج سیکرٹری توانائی کو دیا گیا ہے۔
دوسری جانب بلوچستان میں 20 سے زائد افسران کو او ایس ڈی رکھا گیا یا وزیر اعلیٰ معائنہ ٹیم کا عارضی ممبر بنا کر کھڈے لائن لگا دیا گیا ہے۔