وزیراعظم کے پاس مسائل کا حل نہیں تو استعفے دیں اور گھر چلے جائیں:بلاول بھٹو
کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وزیراعظم صاحب کے پاس مسائل کا حل نہیں تو استعفے دیں اور گھر چلے جائیں۔
ملیر ایکسپریس وے کراچی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ خزانہ خالی ہونے کے باوجود ہم نے تنخواہ اور پنشن میں اضافہ کیا، ہم نےغریبوں کے تحفظ کیلئے بے نظیر سپورٹ پروگرام شروع کیا، ہم نے ایک دن بھی عوام کو لاوارث نہیں چھوڑا تھا، ہمارے پاس عوامی مسائل کا حل ہے، ہم جانتے ہیں عوام کو مشکل حالات سے کیسے نکالا جاسکتا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وزیراعظم صاحب اگر آپ کے پاس مسائل کا حل نہیں تو استعفے دیں اور گھر چلے جائیں، مشکل حالات میں وزیراعظم کا ایک ہی جواب ہوتا ہے میں کیا کروں؟ کشمیر پر حملہ ہوا تو وزیراعظم نے کہا ’’میں کیا کروں‘‘، آپ کہتے ہیں معاشی اشاریے اچھے ہیں، لیکن لوگ خودکشی کررہے ہیں، پاکستان بنگلا دیش اور افغانستان سے جی ڈی پی میں پیچھے رہ گیا ہے۔
بلاول کا کہنا تھا کہ عمران خان کہتا ہے میری تیاری نہیں تھی تو 22 سال کی جدوجہد میں وہ کیا کررہا تھا، کیا تیاری نہیں کررہا تھا، سندھ سمیت سارے صوبوں کو ان کا حق نہیں دیا جا رہا، این ایف سی ایوارڈ کا پیسا سالہا سال نہیں دیا جاتا، آپ پرانے این ایف سی ایوارڈ پر پورے نہیں اترتے۔