آصف علی زرداری کا مولانا فضل الرحمان سے 2 دن میں دوسرا رابطہ
اسلام آباد: آصف علی زرداری نے مولانا فضل الرحمان سے 2 دن میں دوسرا رابطہ کیا ہے، سابق صدر نے جے یو آئی سربراہ کو گڑھی خدا بخش جلسے میں شرکت کی دعوت دی۔
آصف علی زرداری اور مولانا فضل الرحمان نے مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا، دونوں رہنماؤں نے پی ڈی ایم کی حکومت مخالف تحریک سے متعلق بھی بات چیت کی۔
گزشتہ روز بھی آصف زرداری نے فضل الرحمان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، سابق صدر نے کہا سینیٹ الیکشن سے قبل استعفے نہ دیئے جائیں، ہم ضمنی انتخابات کے بائیکاٹ کے حق میں بھی نہیں، پی ڈی ایم مل کر سینیٹ الیکشن لڑے تو 15 سے زائد نشستیں حاصل کرسکتی ہے۔ فضل الرحمان نے جواب دیا کہ اس معاملے کو پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس میں حل کریں گے۔