زرداری کا نواز شریف اور فضل الرحمان سے رابطہ، سینیٹ انتخابات میں حصہ لینے پر بضد
اسلام آباد: آصف زرداری نے نواز شریف اور فضل الرحمان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، سابق صدر نے کہا کہ سینیٹ الیکشن سے قبل استعفے نہ دیئے جائیں۔
استعفوں کے معاملے پر آصف علی زرداری نے سابق وزیراعظم نواز شریف اور پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔ سابق صدر نے دو ٹوک موقف اپنایا کہ سینیٹ الیکشن سے قبل استعفے نہ دیئے جائیں، ہم ضمنی انتخابات کے بائیکاٹ کے حق میں بھی نہیں، پی ڈی ایم مل کر سینیٹ الیکشن لڑے تو 15 سے زائد نشستیں حاصل کرسکتی ہے۔
ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف نے زرداری کے موقف سے اختلاف کیا۔ نواز شریف کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم استعفے دے دے تو سینیٹ الیکشن کروانا مشکل ہوگا۔ فضل الرحمان نے جواب دیا کہ اس معاملے کو پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس میں حل کریں گے۔
سابق صدر آصف زرداری کے مطابق پیپلزپارٹی سینیٹ اور ضمنی الیکشن میں حصہ لینے پر متفق ہے۔ نواز شریف اور مولانا فضل الرحمان نے آصف زرداری سے ان کی صحت بارے بھی دریافت کیا۔