افغانستان: قاتلانہ حملے میں افغان انتخابات کی نگرانی کرنے والے رضاکار ہلاک
کابل :افغان انتخابات کی نگرانی کرنے والے رضاکار، جنہوں نے انتخابات کی مانیٹرنگ کے لیے آزادانہ تنظیم قائم کر رکھی تھی ایک قاتلانہ حملے میں ہلاک ہوگئے، پولیس اور ان کے ساتھی کے مطابق قاتلوں نے ان پر گھات لگا کر حملہ کیا تھا۔
فرانسیسی خبررساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق محمد یوسف رشید پر حملہ بدھ کے روز کابل کے جنوبی مضافاتی علاقے میں اس وقت ہوا جب وہ اپنی کار میں سوار ہو کر کام پر جارہے تھے۔
ان کا قتل حالیہ ہفتوں کے دوران افغانستان کی نمایاں شخصیات پر ہونے والے قاتلانہ حملوں کی طرز پر ہوا جس میں اکثر کو صبح کے مصروف ٹریفک کے اوقات میں نشانہ بنایا گیا۔
محمد یوسف رشید فری اینڈ فیئر الیکشن فورم آف افغانستان (ایف ای ایف اے) کے سربراہ تھے جو ویب سائٹ پر لکھے بیان کے مطابق 2004 سے جمہوریت، گڈ گورننس اور ہیومن ریسورس منیجمنٹ کے لیے کام کررہے تھے۔
ان کے ساتھی عبدالوہاب نےبتایا تھا کہ حملے کے نتیجے میں یوسف رشید زخمی ہوگئے تھے اور ہسپتال پہنچ کر انہوں نے دم توڑ دیا جبکہ ان کا ڈرائیور بھی زخمی ہے، کابل پولیس کے ترجمان فریڈاز فرامرز نے بھی حملے کی تصدیق کی۔
امریکی خبر رساں ادارے اے پی کی رپورٹ کے مطابق کابل میں ہی ہونے والے ایک علیحدہ حملے میں پولیس کی گاڑی میں نصب بم پھٹنے سے ایک پولیس افسر ہلاک جبکہ 2 زخمی ہوئے۔