کینیڈین پولیس کی تحقیقات مکمل، کریمہ بلوچ کی موت کو ’غیرمجرمانہ‘ قرار دے دیا
ٹورنٹو:ٹورنٹو پولیس نے لاپتا ہونے کے بعد مردہ پائی گئیں بلوچ سیاسی کارکن کریمہ بلوچ کی موت کو ’نان کریمنل‘ (غیر مجرمانہ) قرار دے دیا۔بلوچستان سے تعلق رکھنے والی کریمہ بلوچ جو کریمہ محراب کے نام سے بھی جانی جاتی تھی وہ اتوار کو ٹورنٹو کے ڈاؤن ٹاؤن واٹر فرنٹ ایریا سے لاپتا ہوگئی تھیں۔
پیر کو پولیس نے بتایا تھا کہ کریمہ بلوچ کی لاش ملی، بعد ازاں منگل کو ٹورنٹو پولیس سروس کا کہنا تھا کہ وہ کریمہ بلوچ کی موت کی تحقیقات کے حوالے سے ’کمیونٹی اور میڈیا کے بے انتہا دلچسپی‘ سے باخبر تھی۔
اپنی ٹوئٹ میں ٹورنٹو پولیس کا کہنا تھا کہ اس سے قبل ہم نے تصدیق کی کہ پیر 21 دسمبر کو ایک 37 سالہ خاتون مردہ پائی گئیں۔پولیس نے کہا کہ حالات کا جائزہ لیا گیا اور افسران نے یہ تعین کیا کہ یہ ایک غیر مجرمانہ موت ہے اور اس میں کسی سازشی معاملے کا شبہ نہیں مزید یہ کہ خاتون کے اہل خانہ کو تحقیقات سے متعلق آگاہ کردیا گیا۔