ان تمام افراد کا شکر گزار ہوں جنہوں نے جان محمد گرگناڑی کی بازیابی کیلئے آواز بلند کی،سردارا ختر مینگل

کوئٹہ: بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر جان مینگل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک پیغام جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ کچھ دیر قبل جان محمد گرگناڑی بازیاب ہو کر گھر پہنچ چکے ہیں ان تمام افراد کا شکر گزار ہوں جنہوں نے میر جان محمد گرگناڑی کی بازیابی کے لئے آواز بلند کی۔ انہوں نے ایک اور پیغام میں منگل کو پارٹی رہنما کی اغوا اور عدم بازیابی کے خلاف دی جانے والی پہیہ جام ہڑتال کی کال واپس لینے کا بھی اعلان کیا۔ واضح رہے بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی کونسل ممبر حاجی جان محمد گرگناڑی 17دسمبر کو خضدار کے علاقے وڈھ سے لاپتہ ہوگئے تھے جس کے خلاف بلوچستان نیشنل پارٹی نے کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ بند کرکے احتجاج کیا تھا اور بعد ازاں پریس کانفرنس میں 2دن میں مغوی کی بازیابی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر فوری طور پر پارٹی کے مغوی رہنما بازیاب نہ ہوئے تو 22دسمبر بروز منگل سے بلوچستان کی مین قومی شاہراہیں غیر معینہ مدت تک بلاک کی جائیں گی تاہم منگل کو علی الصبح جان محمد گرگناڑی کی بازیابی کی خبر آنے کے بعد بی این پی نے شاہراہوں کو بلاک کرنے کی کال واپس لے لی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے