وزیر اعلیٰ پنجاب کی جلد اور مکمل صحت یابی کیلئے دُعا گو ہیں،جام کمال خان
کوئٹہ:وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی جلد صحت یابی کے لئے دُعا کی ہے۔ اپنے ایک پیغام میں وزیراعلیٰ نے سردار عثمان بزدار کی کرونا سے جلدصحت یابی کیلئے دُعا اور نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی جلد اور مکمل صحتیابی کیلئے دُعا گو ہیں۔ وزیراعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ موسم سرما کی آمد کے ساتھ کرونا کی وباء پھر سے سر اٹھارہی ہے۔اور بحیثیت قوم اس وبائی چیلنج سے نمٹنے کیلئے احتیاطی تدابیر پرعمل پیرا ہونا ہوگا۔ وزیر اعلیٰ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ایس او پیز پر سختی سے عمل کریں، سماجی فاصلہ برقرار رکھیں اور ماسک کا استعمال یقینی بنائیں۔