بلدیاتی ایکٹ پر حکومتی کمیٹی کی تجاویز مکمل کر لی گئی ہیں سردار محمد صالح بھوتانی
کوئٹہ: صوبائی وزیر بلدیات سردار محمد صالح بھوتانی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت اختیارات کو نچلی سطح پر منتقل کر نے کے لئے موثر بلدیاتی نظام لائے گی، نئے بلدیاتی ایکٹ پر حکومتی کمیٹی کی تجاویز مکمل کر لی گئی ہیں جبکہ ایکٹ کی حتمی منظوری سے قبل ۱ پوزیشن سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کی آراء لی جائیں گی، ترقیاتی فنڈز کا 30فیصد حصہ بلدیاتی اداروں کو دینے کی تجویز زیر غور ہے کوشش ہے کہ صوبے میں ایسا بلدیاتی نظام لائیں جو بنیادی سطح پرمعاشی و معاشرتی ترقی اور خوشحالی کا ضامن ہو۔یہ بات انہوں نے پیر کو لوکل گورنمنٹ ریفارمز کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، اجلاس میں صوبائی وزیر سماجی بہبود میر اسد اللہ بلوچ، سیکرٹری بلدیات احمد رضا سمیت کمیٹی کے ارکان بھی موجود تھے، محکمہ بلدیات کے حکام نے کمیٹی کے ارکان کو بلدیاتی نظام سے متعلق بریفننگ دی اور ارکان کی آراء کے مطابق ان میں ترامیم اور موثر نظام بنانے کے حوالے سے غور وغوض کیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر بلدیات سردار محمد صالح بھوتانی نے کہا کہ بلدیاتی اداروں کو بااختیار بنانے سے صوبے میں بنیادی سطح پر ترقی دی جاسکتی ہے جبکہ حکومتی پالیسی ہے کہ ڈی سینٹرلائزڈ نظام لایا جائے تا کہ نچلی سطح پر اختیارات منتقل ہوں شہروں میں دو ٹیئر سسٹم اور یسا نظام متعارف کروائیں گے جس سے دیرپا ترقی کے اہداف حاصل کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ نئے بلدیاتی ایکٹ میں 30فیصد ترقیاتی فنڈز کو بلدیاتی اداروں کو دینے کی تجویز زیر غور ہے جبکہ صوبائی فنانس کمیشن کی تشکیل بھی انتہائی ضروری ہے تاکہ ہر علاقے کو اسکی ضروریات کے مطابق فنڈز کا اجراء ممکن ہو انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے دیہاتوں میں ہنرمند خواتین لائیوسٹاک، کشیدہ کاری،پولٹری سے اپنے گھریلو اخراجات پورے کرنے میں ہاتھ بٹاتی ہیں ہم ایسا بلدیاتی نظام لا نا چاہتے ہیں جس کے ذریعے عوام کا معاشی بوجھ کم کرکے ہوم بیسڈ ورکر خواتین کو بنیادی اقتصادی ترقی کے مواقع میسر آنے کے ساتھ ساتھ مڈل مین کا کردار کم سے کم ہو،انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت بلدیات اور اس سے منسلک اداروں کو مضبوط و مستحکم کرنا چاہتی ہے اس سلسلے میں محکمہ بلدیات کے ملازمین کا ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم بھی متعارف کروانے کی تجویز زیر غور ہے جبکہ نئے بلدیاتی نظام میں پرانے نظام میں موجود قانونی نقائص کو بھی دور کیا جائیگا انہوں نے کہا کہ بلوچستان ہم سب کا مشترکہ صوبہ ہے بلدیاتی ایکٹ کی تجاویز کو حتمی شکل دینے کے بعد انہیں اپوزیشن سمیت دیگر اسٹیک ہولڈرزکو بھی اعتماد میں لیا جائیگا جس کے بعد حتمی ایکٹ کو منظور ی کے لئے کابینہ اجلاس میں پیش کیا جائیگا انہوں نے کہا کہ کمیٹی ارکان نے طویل محنت کے بعد سرکاری سطح پر تجاویز کو حتمی شکل دے دی ہے جلد ہی ایکٹ کا ابتدائی ڈرافٹ تیار کرلیا جائیگا