انجمن تاجران بلوچستان کا پی ڈی ایم کی بھرپورتائید و حمایت کا اعلان

کوئٹہ : پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے صوبائی رہنماوں کے نمائندہ وفد نے مرکزی انجمن تاجران کے مرکزی دفتر میں انجمن کے صدر عبدالرحیم کاکڑ اور کابینہ کے دیگر ارکان سے ملاقات کی۔ وفد میں پشتونخوا میپ کے صوبائی صدر سینٹر عثمان خان کاکڑ، ایم پی اے نصراللہ خان زیرے، نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر عبدالخالق بلوچ، مسلم لیگ(ن) کے صوبائی جنرل سیکرٹری جمال شاہ کاکڑ،پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری سید اقبال شاہ، جمعیت علماء اسلام کے حاجی بشیر احمد کاکڑ، مولانا جمال الدین حقانی، بلوچستان نیشنل پارٹی کے محی الدین بلوچ ڈاکٹر علی احمد قمبرانی، عوامی نیشنل پارٹی کے جمال الدین رشتیا، اخلاق احمد بازئی، مرکزی جمعیت اہل حدیث کے مولانا عصمت اللہ سالم شامل تھے۔ اس موقع پر سینیٹر عثمان خان کاکڑ اور دیگر رہنماوں نے کہا کہ پی ڈی ایم نے ملک میں آئین وقانون کی حکمرانی، پارلیمنٹ کی بالادستی، سول اتھارٹی، اور حقیقی معنوں میں عوام کے حق حکمرانی کے لئے تحریک کا آغاز کیا ہے اور ملک کے عوام نے پورے ملک میں فقیدالمثال جلسوں میں شرکت کرکے پی ڈی ایم کے بیانیہ کو بھرپور طریقے پزیرائی حاصل کی ہے اورموجودہ حکومت نے اس دوران 15 ہزار ارب روپے کا قرضہ لیا ہے اور عالمی استعاری مالیاتی اداروں کے دباؤ میں آکر عوام پر ٹیکسوں کا بھرمار کرکے مہنگائی کا طوفان کھڑا کیا ہے جس کی وجہ سے عوام نان شبینہ کے لئے مجبور ہے۔ آج ہر چیز پر ملٹری اور سول اسٹبلشمنٹ کا قبضہ ہے اور سول اتھارٹی ختم ہو کر رہ گئی ہے۔اس موقع پر انجمن تاجران کے مرکزی صدر عبدالرحیم کاکڑ نے کہا کہ تاجران اس وقت سخت ترین مشکلات کا شکار ہیں ٹیکسوں کی بھرمار نے تاجروں کی کمر توڑ دی ہے۔انھوں نے کہا کہ مرکزی انجمن تاجران اور صوبے کی تاجر برادری پی ڈی ایم کے تمام مطالبات کی بھرپور تائید و حمایت کا اعلان کرتی ہے اورہر قسم کی تحریک بشمول شٹرڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال میں بھی شامل ہونگے۔اس موقع پر مرکزی انجمن تاجران کے حضرت علی اچکزئی، حاجی یاسین مینگل، حاجی سعداللہ پیرعلیزئی، سید عبدالخالق آغا، حاجی اللہ داد اچکزئی، حاجی سعید خان اسحاق زی،عنایت اللہ درانی، ظفر کاکڑ اور دیگر موجود تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے