کرونا وائرس کی وباء کے باوجود ڈیزرٹ ریلی کا انعقاد خوش آئند ہے:جام کما ل خان
جھل مگسی :جھل مگسی سالانہ ڈیزرٹ جیپ ریلی 2020 کامیاب انعقاد کے بعد اختتام پذیر ہو گئی۔جیپ ریلی کو دیکھنے کیلئے ملک بھر سے بڑی تعداد میں شائقین نے شرکت کی. پریپئرڈ کیٹگری کی ابتدا ٹریک پر پانی آنے کی وجہ سے تاخیر سے ہوئی۔ پریپئرڈ کیٹگری اے میں ریسرز کے درمیان مقابلہ انتہائی سخت انداز میں ہوا. جھل مگسی ڈیزرٹ چیلینج 2020 میں پریپئرڈ کیٹگری کی پہلی گاڑی گیارہ بج کر پندرہ منٹ پر روانہ ہوئی۔ ریلی کی اختتامی تقر یب کے مہما ن خصوصی وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کما ل خان تھے. تقریب میں صوبائی وزراء، اراکین قومی اسمبلی، کمشنر نصیر آباد ڈویژن، محکمہ کھیل کے حکام سمیت دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے. اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی بلو چستان جام کمال خان کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کی وباء کے باوجود ڈیزرٹ ریلی کا انعقاد خوش آئند ہے.

ڈیزرٹ جیپ ریلی جھل مگسی کو اب 16 سال ہونے کو ہیں اس جیپ ریلی کو پہلے صوبائی سطح پر متعارف کرایا گیا مگر اب یہ مقبول ہوکر ملکی سطح پر کامیابی سمیٹ چکی ہے جس کا تمام تر سہرا نوابزادہ نادرخان مگسی کے سر جاتا ہے جنہوں نے انتھک محنت کر کے اس کھیل کو صوبے سے سے بڑھا کر ملکی سطح تک متعارف کرایا اور بڑی تعداد میں لوگ اس کھیل میں حصہ لے رہے ہیں. وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت کھیلوں کے فروغ کیلیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور بہت جلد صوبے کے دیگر علاقوں میں بھی جیپ ریلیز کا انعقاد کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ ہماری بھرپور کوشش ہے کہ کھیلوں کو زیادہ سے زیادہ فروغ دیا جائے تا کہ نوجوان نسل کو کھیلوں کی جانب راغب کیا جاسکے اور بہتر معاشرہ تشکیل دیا جا سکے صوبائی حکومت کھیلوں سے وابسطہ افراد کی ہر سطح پر حوصلہ افزائی کرتی رہے گی۔ دریں اثناء جھل مگسی میں تین روزہ ڈیزرٹ جیب ریلی کا فائنل مقابلہ ریسر آصف فضل چوہدری نے جیت لیا۔تین روزہ جھل مگسی ڈیزرٹ جیپ ریلی کے 140 کلو میٹر پر مشتمل ٹریک پر 7 خواتین سمیت 40 ریسر نے حصہ لیا۔پانی، پتھر، مٹی اور ریت سے بھرے مشکل ترین ٹریک پر گاڑیاں دوڑائی گئی. اے کیٹیگری کا مقابلہ ریسر فضل چوہدری نے اپنے نام کرلیا جبکہ دفاعی چیمپئن میر نادر خان مگسی دوسرے اور جعفر مگسی تیسرے نمبر پر رہے. جیپ ریلی کی بی کیٹیگری کے فائنل مقابلے میں ریسر نعمان سرانجام نے معرکہ سر کرلیا۔جھل مگسی ڈیزرٹ چیلنج جیپ ریلی 2020 کے حتمی نتائج کا اعلان کے مطابق پری پیئرڈ اے کیٹیگری میں پہلی پوزیشن آصف افضل چوہدری، دوسری میر نادر خان مگسی اور تیسری پوزیشن محمد جعفر خان مگسی جبکہ پری پیئرڈ بی کیٹیگری میں پہلی پوزیشن نعمان سرانجام دوسری اویس خاکوانی اور تیسری پوزیشن اسد شادی خیل نے حاصل کرلی.
