علی وزیر کی جان کو خطرہ ہے،محمود خان اچکزئی
کوئٹہ :پشتونخواملی عوامی پارٹی کے چیئرمین محمود خان اچکزئی نے اخباری بیان میں کہا ہے کہ میں یہ گھبراہٹ پیدا کرنے یا سستی تشہیر کی مقاصد کیلئے نہیں کہتا اور نہ ہی میں اسے معمولی اطلاع سمجھتا ہوں۔مجھے بہت معتبر ذرائع سے آگاہ کیا گیا ہے کہ جنوبی وزیر ستان سے تعلق رکھنے والے رکن قومی اسمبلی علی وزیر کی جان کو خطرہ ہے اس کا پورا کنبہ اُن کی خیریت کیلئے بہت پریشان ہیں اور یہ خاندان پہلے ہی لاتعداد سانحات برداشت کرچکاہے۔ میں حکومت سندھ،وزیر اعلیٰ سندھ اور تمام متعلقہ حکام کو متنبہ کرتا ہوں کہ علی وزیر کی زندگی کو پہنچنے والے کسی بھی نقصان کے ناقابل تصور نتائج برآمد ہونگے۔ تمام اداروں میں سے،پاکستان پیپلز پارٹی جو سندھ پر حکومت کررہی ہے صورتحال کی نزاکت کو سمجھ سکتی ہے اُن کی تعاون کو سراہا جائیگا۔