کوئٹہ میں گیس پریشر کی کمی کا مسئلہ سنگین صورتحال اختیار کر گیا

کوئٹہ میں سردی کی شدت بڑھتے ہی شہر کے مختلف علاقوں گیس پریشر میں کمی کا مسئلہ شدت اختیارکرگیا ہے منوجان روڈ پر واقع ارباب عمران ٹاؤن سرور آباد اور عبداللہ ٹاؤن رئیسانی ٹاؤن، عارف روڈ، میر احمد خان روڈ، نجم الدین روڈ، کواری روڈ اور ملحقہ علاقوں میں سوئی گیس کا پریشر کم ہو گیا۔

گیس نہ ہونے کی وجہ سے گھر، فلیٹس، اسپتال اور مساجد سرد خانے بن گئے، گیس نہ ہونے کے باعث جہاں خواتین کو کھانا بنانے سمیت امور خانہ داری نمٹانے میں شدید مشکلات اور پریشانی کا سامنا ہے وہیں بچوں، خواتین اور معمر افراد کی مشکلات بڑھ گئی ہیں۔

شہر کے مختلف علاقوں میں گیس پریشر میں کمی کے خلاف شہریوں کی جانب سے احتجاج بھی کیا جا رہا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ گیس پریشر نہ ہونے کی وجہ سے ہمیں کمپریسر کے استعمال پر مجبور کیا جا رہا ہے۔

سوئی سدرن گیس کمپنی کے حکام کا کہنا ہے کہ بلوچستان کو اس کی ضرورت کے مطابق پوری گیس مل رہی ہے۔

جی ایم سوئی سدرن گیس کمپنی مدنی صدیقی کا کہنا ہے کہ بلوچستان کو اس کی ضرورت کے مطابق 200 ایم ایم سی ایف ڈی گیس مل رہی ہے تاہم کمپریسر کے استعمال سے کئی علاقوں میں گیس کی کمی کا مسلہ ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے