حکومت بلوچستان نے کوورنا وائرس کی ویکسین کی خریداری کی صورت میں کولڈ اسٹوریج کے نظام کو اپ گریڈ کرنے کے لیے اقدامات شروع کردیے
کوئٹہ: بلوچستان حکومت نے کوورنا وائرس کی ویکسین کی خریداری کی صورت میں اسے رکھنے کے لیے کولڈ اسٹوریج کے نظام کو اپ گریڈ کرنے کے لیے اقدامات شروع کردیے جب کہ محکمہ صحت کے ملازمین کا ڈیٹا بھی جمع کیا جارہا ہے۔
سیکرٹری صحت بلوچستان نورالحق بلوچ نے بتایا کہ کوئٹہ سمیت صوبے کے تمام ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں یونیسف کے تعاون سے کولڈ اسٹوریج سینٹرز بنائے گئے تھے جن میں منفی 70 سے 80 ڈگری سینٹی گریڈ تک ویکسین رکھنے کی صلاحیت ہے۔
انہوں نے بتایا کہ مارچ میں وفاقی حکومت کی جانب کورونا ویکسین کی خریداری کی صورت میں صوبے میں کولڈ اسٹوریج چین کو مزید اپ گریڈ کردیا جائے گا۔
سیکرٹری صحت کا کہنا تھا کہ کورونا کے حوالے سے قائم ادارے این سی سی نے کام شروع کردیا ہے۔
دوسری جانب ڈائریکٹر جنرل صحت بلوچستان علی ناصر بگٹی نے بتایا کہ محکمہ صحت نے صوبے میں سرکاری اور نجی اسپتالوں میں کام کرنے والے عملے کا ڈیٹا اکھٹنا کرنا شروع کردیا ہے۔