بلاول بھٹو اور اختر مینگل کی اہم ملاقات، کئی امور پر تبادلہ خیال
کراچی :پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اپوزیشن اتحاد میں شامل بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) کے چیئرمین سردار اختر مینگل کی رہائش گاہ پہنچے۔
کراچی میں ہونے والی ملاقات میں بلاول بھٹو زرداری اور سردار اختر مینگل کے درمیان ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دوران گفتگو اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی حکومت مخالف تحریک کے اقدامات پر بات چیت ہوئی۔اس موقع پر بلاول بھٹو نے اختر مینگل کو شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے یوم شہادت پر گڑھی خدا بخش میں ہونے والے جلسے میں شرکت کی دعوت دی۔
بلاول بھٹو اور اختر مینگل نے دوران ملاقات بلوچستان کی سیاسی و سماجی صورتحال پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔پی پی چیئرمین نے کہا کہ ہماری جماعت نے بلوچستان کو حقوق کی فراہمی کے سلسلے میں آغا ز کیا، ہمیں احساس ہے کہ بلوچستان کی محرومیاں دور کیے بغیر پاکستان کی ترقی ممکن نہیں۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے وسائل پر سب سے پہلے بلوچ عوام کا حق ہے۔