کرونا کی وباء کے باوجود قوم کو خوراک کی فراہمی پر ہم اپنے کسان بھائیوں کو سلام پیش کرتے ہیں، جام کمال خان

کوئٹہ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے قومی یوم کسان کی مناسبت سے اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ کسان ملکی معیشت اور خوراک کی پیداوار میں اہمیت کے حامل ہیں۔ مشکل معاشی حالات اور کرونا کی وباء کے باوجود قوم کو خوراک کی فراہمی پر ہم اپنے کسان بھائیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی معیشت میں زراعت کا حصہ سب سے زیادہ ہے اور کسانوں کا ملکی معیشت اور غذائی تحفظ میں کردار نہایت ہی اہم ہے۔ وزیراعلی نے کہا کہ جدید کاشتکاری کے فروغ کے لیے زمینداروں کو رعایتی قیمت پر ٹریکٹرز، لیزرلینڈ لیولر، سیڈ ڈرل اور تھریشر فراہم کیے جا رہے اور اس کے ساتھ ساتھ زرعی میدان میں پیداوارکو بڑھانے کے لئے ڈرپ ایریگیشن اور ٹنل فارمنگ کو فروغ دیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھی کینال،میرانی ڈیم، سبگزئی ڈیم اور دیگر زیر تعمیر ڈیموں سے وسیع اراضی کو قابل کاشت بنایا جاسکے گا۔ اور اس کے علاوہ کاشتکاروں کی فی ایکڑ پیداوار بڑھانے کے لئے حکومت بلوچستان پکے تالاب نالیاں اور پائپ لائنز تعمیر کررہی ہے۔حکومت زمینداروں کی اراضی کو زیر کاشت لانے کے لئے آٹھ لاکھ بلڈوزرز گھنٹے فراہم کرنے جا رہی ہے۔ انہوں نے قومی یوم کسان کی مناسبت سے تمام کسان بھائیوں کی محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ زرعی شعبے میں مزید اصلاحات کے عمل کو جاری رکھا جائے گا تاکہ زراعت جیسے پیداواری شعبے کی صلاحیت کو مزید بڑھایا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے