پی ڈی ایم کا اجلاس پشتونخوامیپ کے صوبائی صدر سنیٹر محمد عثمان خان کاکڑ کی زیر صدارت پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا
کوئٹہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا اجلاس پشتونخوامیپ کے صوبائی صدر سنیٹر محمد عثمان خان کاکڑ کی زیر صدارت پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں جمعیت علماء اسلام کے صوبائی امیر رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالواسع، مولانا سرور موسیٰ خیل، ایم این اے مولوی کمال الدین، مولانا خورشید احمد، پشتونخوامیپ کے مرکزی وصوبائی سیکرٹری عبدالرحیم زیارتوال، خوشحال کاسی، بلوچستان نیشنل پارٹی کے ملک عبدالولی کاکڑ، ملک محی الدین لہڑی، نیشنل پارٹی کے عبدالخالق بلوچ، عبدالستار بلوچ، ڈاکٹر علی احمد قمبرانی،گہرام اسلم، اے این پی کے نوابزادہ ارباب فاروق کاسی، جمال الدین رشتیا، جمعیت اہلحدیث کے عصمت اللہ سالم،نجیب اللہ عابد نے شرکت کی۔ اجلاس میں پی ڈی ایم کے احتجاجی شیڈول اور لانگ مارچ کے تیاریوں پر تفصیلی بحث ہوئی اور یہ طے پایا کہ پی ڈی ایم صوبائی سطح پر 2جنوری کو خضدار، 10جنوری کو نصیر آباد، 13جنوری کو لورالائی، 17جنوری کو چمن اور گوادروکوئٹہ کے احتجاجی مظاہروں کی تاریخ کا بعد میں اعلان کیا جائیگا۔ اجلاس میں مختلف تنظیموں (وکلاء برادری، انجمن تاجران، چیمبر آف کامرس، لیبر یونینز، ٹرانسپورٹرز، زمینداران، ڈاکٹرز،طلباء تنظیموں اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد واشخاص سے رابطے کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی جو سنیٹر عثمان خان کاکڑ،مولانا عبدالواسع، جمال شاہ کاکڑ، اصغر خان اچکزئی، عبدالخالق بلوچ، ملک ولی کاکڑ، علی مدد جتک، عصمت اللہ سالم، جلیل خان بازئی پر مشتمل ہوگی۔ اجلاس میں پرنٹ والیکٹرونک میڈیا اوردیگر کی جانب سے اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پی ڈی ایم کو کوریج نہ دینے پر انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا اور کہا گیا ہے کہ ملک میں جمہوریت، آزاد اور شفاف انتخابات کے ذریعے عوام منتخب پارلیمنٹ اور ملک کے تمام ادارے پارلیمنٹ کے ماتحت ہو اور ہر ادارہ اپنے آئینی متعین شدہ اختیارات کے استعمال میں آزاد ہو۔ اور ملک میں حقیقی جمہوریت کے قیام، آئین وقانون کی حکمرانی،سویلین اتھارٹی کی بحالی پی ڈی ایم کے ان اہداف کے حصول کیلئے تمام میڈیا کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ پی ڈی ایم کی ان بنیادی مقاصد کے حصول کی راہ میں اپنا موثر اور فعال کردار ادا کریں۔ اجلاس کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ جن اضلاع میں احتجاجی مظاہروں کے شیڈول کا اعلان ہوا ہے وہ اپنے احتجاجی پروگرام کو کامیاب بنانے کیلئے تیاری کریں اور صوبہ بھر کے تمام اضلاع کے پی ڈی ایم کے رکن پارٹیوں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ لانگ مارچ کی مکمل تیاری شروع کریں اوراس سلسلے میں ضلعی سطح پر پی ڈی ایم کے اجلاسوں کے انعقاد کو یقینی بنائیں۔
