علی وزیر کی گرفتاری غیر آئینی وغیر قانونی اقدام ہے،پشتونخواملی عوامی پارٹی
کو ئٹہ: پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی پریس ریلیز میں پشتون تحفظ موومنٹ کے مرکزی رہنماء اور رکن قومی اسمبلی علی وزیر کی پشاور میں گرفتاری کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ان کی فی الفور بحفاظت رہائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ سلیکٹڈ حکومت غیر آئینی غیر قانونی اور اور اونچے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے جس کے ذریعے وہ قومی سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں،کارکنوں پر ناروا مقدمات درج کرنے، جبری طو رپر لاپتہ کرنے، گرفتار کرنے کے اقدامات کررہی ہیں اور اس ناروا اقدامات کے ذریعے سیاسی جماعتوں کو اپنے اہداف کے حصول کی تحریک سے دستبردار کرنا چاہتی ہے جو کہ ماسوائے خام خیالی کے کچھ نہیں۔ گزشتہ روز پی ٹی ایم کے رہنماء اور رکن قومی اسمبلی علی وزیر کو قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی جانب سے ناجائز مقدمات قائم کرنے اور ان کی گرفتاری قابل افسوس اور قابل مذمت ہے قومی اسمبلی کے ممبر کی اسپیکر کی اجازت کے بغیر گرفتاری قابل گرفت ہے اور ملک کے جمہوری عوام کو خوفزدہ کرنے کی ناکام کوشش ہے ملک کی حقیقی جمہوری قوتوں کی ذمہ داری ہے کہ حکومت کی ناروا غیر آئینی وغیر قانونی اقدام کی مذمت کریں۔