وزیرخارجہ کی اماراتی قیادت سے ملاقات،مقیم پاکستانیوں کودرپیش مشکلات سےآگاہ کیا
ابوظہبی: وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے متحدہ عرب امارات کے وزیراعظم اور دبئی کے فرمانروا عزت مآب شیخ محمد بن راشد المختوم سے ملاقات کی۔ دوران ملاقات دو طرفہ تعلقات، باہمی اقتصادی ومعاشی تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے وزیراعظم عمران خان اور پاکستانی قیادت کی جانب سے متحدہ عرب امارات کی قیادت اور عوام کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان مذہبی، تاریخی اور تہذیبی بنیادوں پر استوار دو طرفہ گہرے برادرانہ تعلقات ہیں۔
مخدوم شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان کثیر الجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تجارتی اور معاشی تعاون کے فروغ کے ذریعے متحدہ عرب امارات کے ساتھ اپنے برادرانہ دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کا خواہاں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات میں مقیم لاکھوں پاکستانی گزشتہ کئی دہائیوں سے یو اے ای کی تعمیر وترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔ آئندہ سال، دبئی میں منعقد ہونیوالی نمائش (ایکسپو 2020ء) میں پاکستانی پویلین، پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین دہائیوں پر محیط دوستی کا مظہر ہوگا۔
اس موقع پر فریقین کے مابین پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان زراعت کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیر خارجہ نے وزیراعظم شیخ محمد بن راشد المختوم کو یو اے ای میں مقیم پاکستانیوں کو درپیش مشکلات سے آگاہ کیا اور ان کے جلد حل کی ضرورت پر زور دیا۔
اس سے قبل متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبیدابراہیم کی دبئی میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات ہوئی جس میں دو طرفہ تعلقات اور مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا۔