جدیدتحقیق پر مبنی علم ودانش کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے،گورنر بلوچستان
کوئٹہ: گورنربلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی نے کہا کہ صوبے کے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں جدیدتحقیق پر مبنی علم ودانش کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔کیونکہ جدید تحقیق نہ صرف اعلیٰ تعلیمی اداروں کا بنیادی فریضہ ہے بلکہ معیاری تحقیق سے پورے نظام تعلیم اور نصاب تعلیم کی بنیادیں بھی مستحکم ہوسکتی ہیں. لہٰذا ضروری ہے کہ اکیڈمیہ اور مارکیٹ کے درمیان اپنی سماجی ضروریات کے مطابق اشتراک پیدا کرنے کیلئے اپنے حصہ کا کردار ادا کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز گورنرہاؤس کوئٹہ میں میر چاکرخان رند یونیورسٹی سبی کے دوسرے سینٹ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وائس چانسلر میر چاکرخان رند یونیورسٹی سبی ڈاکٹر علی نواز مینگل، وائس چانسلر لسبیلہ یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر دوست بلوچ، پرنسپل سیکرٹری ٹو گورنر بلوچستان شاہنواز علی، ایڈیشنل سیکرٹری طارق لاسی اور ایڈیشنل سیکرٹری لاء محمد مزمل سمیت سینٹ کے تمام اراکین موجود تھے۔گورنر بلوچستان نے جدید سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی اہمیت و افادیت کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ سردست ہمیں نیچرل سائنسز کے مضامین پر زیادہ توجہ مرکوز رکھنی چاہیے۔انہوں نے میرچاکر خان رند یونیورسٹی سبی کے وائس چانسلر اور انکی پوری ٹیم کی مختصر وقت میں بہتر کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے یہ توقع ظاہر کی کہ اسی جوش وجذبے سے یونیورسٹی کی تمام سرگرمیوں کو مزید آگے بڑھاتے رہیں. سینٹ کے دوسرے اجلاس کے شرکاء کی مختلف تجاویز اور سفارشات کے نتیجے میں کئی اہم فیصلے کئے گئے۔