اپوزیشن کا استعفوں کا ایٹم بم پھلجھڑی نکلے گا، شیخ رشید

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ اپوزیشن نے استعفوں کا ایٹم بم چلانے کی دھمکی دی ہے جو صرف پھلجھڑی نکلے گا۔

شیخ رشید احمد نے اسلام آباد میں ایف آئی اے ہیڈکوارٹرز کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایف آئی اے کو عوام دوست محکمہ بنانے کی ہدایت کی ہے، سائبر کرائم ونگ میں دو ہزار بھرتیاں کرنے کی ہدایت کردی۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ ای سی ایل اور بلیک لسٹ میں نام کم کرنے کا حکم دے دیا، ایف آئی اے سے کہاہے کہ بلاوجہ لوگوں کے نام نہ رکھے جائیں، ای سی ایل میں چار سو لوگ ہیں اور بلیک لسٹ میں بھی بہت لوگ ہیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ وزارت داخلہ سیاسی سطح پر تمام جماعتوں سے مثبت بات چیت کرنا چاہتی ہے، پی ڈی ایم فروری سے پہلے ہی لانگ مارچ کے لیے اسلام آباد آجائے، عمران خان پانچ سال پورے کریگا۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اگر اپوزیشن کو استعفے دینے ہیں تو دے دیں، بلاول نے شہباز شریف سے ملاقات کے بعد استعفوں کا ایٹم بم چلانے کی دھمکی دی ہے، استعفے کی دھمکی صرف پھلجھڑی ہے اس میں سیاسی ایٹم بم نہیں ہوگا، ن لیگی اراکین شہباز شریف کو استعفی دیں گے اور جس شہباز شریف کو میں جانتا ہوں وہ مذاکرات کا حامی ہوگا، امید ہے شہباز شریف نے بلاول کو اچھا مشورہ دیا ہوگا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے