نجی بینک کی اے ٹی ایم کھول کر 18 لاکھ روپے لوٹ لیے گئے
کراچی: کریم آباد کے قریب نجی بینک میں نقب زنی کی بڑی واردات ہوئی۔
کراچی میں شارع پاکستان پر بینک کی آٹومیٹڈ ٹیلر مشین (اے ٹی ایم) کھول کر اس میں سے 18 لاکھ روپے نکال لیے گئے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج سے پتہ چلا کہ یہ واردات تنہا ایک ملزم نے کی۔ وہ بینک کی اے ٹی ایم کھول کر اس میں سے 2 کیش ٹرے نکال کر ساتھ لے گیا۔
اے ٹی ایم کی 2 ٹرے میں 18 لاکھ روپے موجود تھے، ملزم نے تیسری ٹرے بھی کھولی لیکن اس میں صرف 5 ہزار روپے تھے تو اس نے وہ ٹرے دیکھ کر چھوڑ دی اور نہیں نکالی۔
ملزم نے منٹوں میں واردات مکمل کی لیکن بینک کا الارم نہیں بجا اور بینک انتظامیہ بے خبر رہی۔ انتظامیہ کے مطابق بینک میں کوئی سیکیورٹی گارڈ رات کے اوقات میں تعینات نہیں تھا۔
ایس ایس پی سینٹرل غلام مرتضیٰ تبسم کے مطابق نامعلوم ملزم نجی بینک کی اے ٹی ایم کی ٹرے نکال کر فرار ہوگیا۔ واردات صبح 4 سے 5 کے درمیان پیش آئی اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔
واردات کی سی سی ٹی وی ایکسپریس نے حاصل کرلی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ منہ پر نقاب اور ہوڈی پہنے ملزم 4 بج کر 50 منٹ پر اے ٹی ایم میں داخل ہوا اور مشین کے پیچھے بیٹھ کر 10 منٹ تک مشین کھولنے کی کوشش کرتا رہا۔ ملزم 5 بجے مشین کی ٹرے کھولنے میں کامیاب ہوا اور 5 بج کر 5 منٹ تک واردات کی۔