رکن قومی اسمبلی علی وزیر گرفتار
پشاور: رکن قومی اسمبلی اور پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) کے رہنما علی وزیر کو پشاور پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے علی وزیر کو سندھ پولیس کی درخواست پر گرفتار کیا گیا۔ جنوبی وزیرستان سے رکن قومی اسمبلی کو کراچی منتقل کیا جائے گا۔پولیس ذرائع کے مطابق علی وزیر پر کراچی میں نفرت انگیز تقریر کرنے کا مقدمہ درج ہے۔
خیال رہے کہ رواں سال مارچ میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے ممبر قومی اسمبلی وزیر کی نااہلی کی درخواست خارج کر دی تھی۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے درخواست کو ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کر دیا تھا۔ شہری عبدالولی کی درخواست میں پشون تحفظ موومنٹ پر پابندی کی بھی استدعا کی گئی تھی۔
چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے تھے کہ اگر کسی پر کوئی الزام ہے تو اسکا طریقہ کار موجود ہے۔ جج نے استفسار کیا کہ صرف یہ بتائیں درخواست گزار کہاں متاثرہ ہے؟
درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اپنایا تھا کہ ان کا موکل اس ملک کا باعزت شہری ہونے کی وجہ سے متاثرہ ہے۔
ہائی کورٹ کے سربراہ نے ریمارکس دیے تھے کہ یہاں پہلے ہی بہت سے کیسز زیر التوا ہیں، ہر فرد جو ملک میں رہ رہا ہے وہ اس ریاست کے ساتھ مخلص ہے۔
درخواست میں موقف اپنایا گیا تھا کہ پی ٹی ایم اور ان کے رہنما علی وزیر ریاست اور اداروں کے خلاف سرگرمیوں میں ملوث ہیں، علی وزیر کو ریاست مخالف اور غیر آئینی تقریروں پر آرٹیکل 62، 63 کے تحت نااہل کیا جائے