ڈولفن پولیس کے اہلکاروں نے خاتون کو گن پوائنٹ پر اغوا کرنے کی کوشش ناکام بنا دی
واقعہ تھانہ لیاقت آباد کی حدود میں پیش آیا جہاں نامعلوم افراد رکشے میں سوار خاتون کو اغوا کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔
ڈولفن پولیس اور ملزمان کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا جس سے ایک ملزم ہلاک ہوگیا اور دیگر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔
لاہورمیں ڈولفن پولیس کے اہلکاروں نے خاتون کو گن پوائنٹ پر اغوا کرنے کی کوشش ناکام بنا دی ہے۔
ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والا ملزم ریکارڈ یافتہ ہےجس کے خلاف متعدد مقدمات درج ہیں۔ رکشہ ڈرائیوں نے اپنے ابتدائی بیان میں کہا ہے کہ ملزمان خاتون کو اغوا کرکے ساتھ لے جانا چاہ رہے تھے۔
پولیس کو دیئے گئے بیان میں رکشہ ڈرائیور نے بتایا کہ لڑکوں کے پاس اسلحہ تھا اور انہوں نے خاتون کو اترنے کا کہا لیکن سواری نے اترنے سے انکار کر دیا۔
ڈرائیورنے بتایا کہ ملزمان رکشہ روک کر30 منٹ خاتون کو ساتھ لے جانے کی کوشش کرتے رہے لیکن وہ اتر نہیں رہی تھی۔ ملزمان نے خاتون اور رکشہ ڈرائیور پر تشدد بھی کیا۔
ڈولفن پولیس کو دیکھ کر ملزمان نے ان پر فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس اہلکاروں کی جوابی فائرنگ سے ایک ملزم ہلاک ہوگیا ہے جس کے قبضے سے ایک پستول بھی بر آمدا ہوا جس سے وہ فائرنگ کر رہا تھا۔
ڈولفن پولیس نے خاتون کو بحفاظت تھانے منتقل کر دیا ہے جہاں اس کا بیان ریکارڈ کیا جائے گا۔ حکام کا کہنا ہے کہ خاتون اور رکشہ ڈرائیور کے بیان کی روشنی میں قانونی کارروائی آگے بڑھائی جائے گی۔