عوام21 دسمبر کے احتجاج میں بھرپور شرکت کریں اور حکومت کے خلاف اپنا فیصلہ دیں،عثمان کاکڑ
کوئٹہ :پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی صدر و سینیٹر عثمان خان کاکڑ نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم میں شامل تما م جما عتوں کے منتخب اراکین قومی و صو با ئی اسمبلی نے اپنے استعفے جمع کرادئیے ہیں، 21دسمبر کو کوئٹہ میں حکومت کے خلاف تاریخی اور کامیاب احتجاج ہوگا سلیکٹڈ وفاقی وزرا کی جانب سے پارٹی چیئرمین محمود خان اچکزئی پر تنقید غیر جمہوری اور غیر آئینی عمل ہے پشتونخوامیپ عوام کے سامنے وہ حقائق سامنے لیکر آئی جن سے 70سالوں کے دوران ان کو بے خبر رکھاگیاتھا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔عثمان کاکڑ نے کہاکہ پی ڈی ایم کے مرکزی قیادت نے فیصلہ کرلیاہے کہ اگر 31جنوری تک سلیکٹڈ حکمران مستعفی نہ ہوئے تو پی ڈی ایم کے مرکزی قیادت فیصلہ کرکے حکومت کے خاتمے کیلئے اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کرے گی جو حکمرا نوں کے مستعفی ہو نے تک جاری رہے گا انہوں نے کہا کہ ملک میں صاف و شفاف انتخابات کراکے اصل عوامی نمائندوں کو عوام کی خدمت کرنے کا موقع دیا جائے انہوں نے کہاکہ پشتونخوامیپ چیئرمین محمود خان اچکزئی نے ملک کے عوام کو تاریخ کے اصل حقائق سے آگاہ کیاانہوں نے کہا کہ پشتونوں نے انگریزوں کیخلاف طویل جدوجہد کی جس کے نتیجے میں انگریز سامراج کو شکست ہو ئی،انہوں نے کہاکہ بعض سلیکٹڈ وزرا اپنے آقاؤں کو خوش کرنے کیلئے غیر جمہوری الفاظ و زبان استعمال کررہے ہیں جو غیر آئینی و جمہوری عمل ہے، انہوں نے کہاکہ21دسمبر کو کوئٹہ میں پشتونخوامیپ اور پی ڈی ایم میں شامل تمام سیاسی جماعتوں کے کارکن اور عوام احتجاج میں بھرپور شرکت کریں اور حکومت کے خلاف اپنا فیصلہ دیں۔