ہماری کوشش ہے کہ آنے والی نسلیں علم کی بنیاد پر باعزت زندگی بسر کریں ،حاجی لشکری رئیسانی

کوئٹہ : بلوچستان پیس فورم کے چیئرمین نوابزادہ حاجی میر لشکری رئیسانی نے کہا ہے کہ ہماری کوشش ہے کہ آنے والی نسلیں علم کی بنیاد پر باوقار شناخت پیدا اور باعزت زندگی بسر کریں ، پاکستان میں عالمی سامراج نے ایک سازش کے تحت نوجوانوں کو کتب بینی سے دور کرکے ان کے ہاتھوں میں ہتھیار دیئے جس سے پورا معاشرہ عدم استحکام کا شکار ہوا ۔ بلوچستان پیس فورم کی کوشش ہے کہ قلیل وسائل کے اندر رہتے ہوئے اپنے سماج اور عوام کو کتاب سے منسلک کریں ۔یہ بات انہوںنے جـی آر ملا پبلک لائبریری جیـونی کیلئے کتابیں دینے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ ہمارا سماج کئی دہائیوں سے بحران کاشکار رہا ہے جس کی ایک بڑی وجہ عوام کو کتاب سے دور کرنا بھی ہے ضرورت اس بات کی ہے کہ بیرون ملک مقیم بلوچستان سے تعلق رکھنے والے کتاب دوست تحریک اپنا کردار ادا کریں تاکہ بلوچستان میں افراتفری اور لا علمی کے بحران سے نجات پاسکیں انہوں نے کہا کہ ہم تاریخ اور معاشرے کو جوابدہ ہیں اور چاہتے ہیں کہ کل جب تاریخ میں ہمارا زکر آئے تو ہمیں علم ، شعور اور کتاب دوستی کی بنیاد پر یاد کیا جائے ۔یاد رہے کہ چندروزقبل جی آر ملا پبلک لائبریری کمیٹی کیجانب سے انجنیئر فیصل مختار نے نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی سے لائبریری کیلئے کتب کی فراہمی سے متعلق رابطہ کیا تھا جس پر نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی نے جی آر ملا پبلک لائبریری جیونی کیلئے کتابیں جن میں نایاب کتب بھی شامل ہیں کوئٹہ میں جیونی کے طالب علم نصیب شفیع کے حوالے کیں ،دریں اثناجی آر ملا پبلک لائبریری کمیٹی کی جانب سے نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی کے اقدام کو علم و ادب کے فروغ کیلئے آحسن قرار دیتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے