عثمان بزدار کا قانون شکنی پر مقدمات درج کرنے کا حکم
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نےپی ڈی ایم کے جلسے پر رد عمل دیتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ کرپشن کے مینار کھڑے کرنے والےکس منہ سے جلسہ کریں گے۔ مینار پاکستان کے تلے پاکستان کو لوٹنے والوں کا اکٹھ ناکامی سے دو چار ہو گا۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کی منفی سیاست کو عوام جان گئے ہیں، ان کا ہر جلسہ ناکام ہو رہا ہے۔ ناکامی پی ڈی ایم کا مقدر تھی ہے اور رہے گی۔ اپوزیشن کو ہر محاذ پر شکست کا سامنا ہے۔
انہوں نے قانون شکنی پر مقدمات درج کرنے کا حکم بھی دیا ہے۔ ان کا کہنا ہےکہ سب کو قانون کی پاسداری کرنا ہوگی۔ اگر کوئی نہیں کرے گا تو اس کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جان لےکہ عوام انہیں مسترد کر چکے ہیں۔ اپوزیشن کا کوئی ویژن ہے نہ انہیں عوام کا خیال ہے۔ پی ڈی ایم کو کرپشن بچاؤ اور کورونا پھیلاؤ ایجنڈے کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔
انہوں نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کے جلسے پر قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
وزیرقانون راجہ بشارت کا کہنا ہے اپوزیشن تصادم چاہتی ہے، مگر انہیں موقع فراہم نہیں کریں گے۔
وفاقی حکومت نے بھی ریاست کے خلاف بغاوت اور بغاوت پر اکسانے والوں کے خلاف فوری کارروائی کا اختیار سیکریٹری داخلہ اور صوبائی حکومتوں کو دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
وفاقی کابینہ نے ضابطہ فوجداری کے سیکشن 196 میں ترامیم کی منظوری دی ہے، جس کے تحت بغاوت کے مقدمات قائم کرنے کا اختیار سیکریٹری داخلہ اور صوبائی حکومتوں کو دیا جائے گا۔