قومی احتساب بیورو بلوچستان نے وارنٹ گرفتاری جاری ہونے پرحمزہ بن طارق اور اے جے میرینز کے مالک عامر شہزاد کو گرفتار کرلیا
کوئٹہ:قومی احتساب بیورو بلوچستان نے محکمہ کوسٹل ڈویلپمینٹ اینڈ فشریز بلوچستان میں ایک ارب روپے کرپشن کیس میں چیرمین نیب جسٹس جاوید اقبال کی جانب سے وارنٹ گرفتاری جاری ہونے پر بوٹس مینوفیکچرنگ کمپنی بزنس انجنیئرنگ ٹرینڈ کے مالک حمزہ بن طارق اور اے جے میرینز کے مالک عامر شہزاد کو بھی گرفتار کرلیا ہے۔ ملزمان کو احتساب عدالت کوئٹہ کے جج منور شاہوانی کی عدالت میں پیش کرکے 12دن کا ریمانڈ حاصل کرلیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ دو روز قبل نیب بلوچستان نے سابقہ سیکرٹری محکمہ کوسٹل ڈویلپمینٹ اینڈ فشریز آفتاب احمد بلوچ، موجودہ ڈی جی فشریز منیر موسیانی کو بھی گرفتار کر کے احتساب عدالت کوئٹہ سے انکا ریمانڈ لے کر پوچھ گچھ شروع کردی ہے۔ ملزمان نے مروجہ قوانین اور حکومتی احکامات کی دھجیاں اڑاتے ہوئے غیر متعلقہ کمپنیوں کو قیمتی سرکاری ٹھیکے دیتے ہوئے قومی خزانے کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا، گرین فائبر گلاس بوٹس، ویسل مانیٹرنگ سسٹم، سی ایمبولینس اور پٹرولنگ بوٹس کی خریداری کے ٹھیکے ان کمپنیوں کو دیئے گئے جو نہ تو مرکنٹائل میرین ڈیپارٹمنٹ سے رجسٹرڈ تھیں اور نہ ہی اس شعبے کے خاطر خواہ مطلوبہ تجربہ اور اہلیت کی حامل تھیں مزید یہ کہ کام کی تکمیل اور بوٹس،متعلقہ مشینری اور اشیاء کی وصولی کے بغیر مئی اور جون کے مہینے میں خلاف قوانین بھاری ادائیگیاں بھی کردی گئیں۔