تبدیلی سرکار نے مہنگائی اور عوام کے حقوق سلب کرکے تبدیلی کا وعدہ پورا کردیا ہے:حاجی علی مدد جتک
کوئٹہ : پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر حاجی علی مدد جتک نے کہا ہے کہ تبدیلی سرکار نے مہنگائی، بے روزگاری، عوام کے حقوق سلب کرکے تبدیلی کا وعدہ پورا کردیا ہے سلیکٹڈ حکومت کا جلد ہی خاتمہ ہونے والا ہے میثاق جمہوریت جمہوری حکومتوں کے لئے تھا نہ کہ سلیکٹڈ حکومت کے لئے، پی ڈی ایم بنانے میں پیپلز پارٹی کا اہم کردار تھا اسمبلیوں سے استعفوں سمیت پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے جو بھی مشترکہ فیصلہ ہواپیپلز پارٹی اس پر عمل کریگی،یہ بات انہوں نے پیر کو ڈیرہ بگٹی کے قبائلی و سیاسی ر ہنماء وڈیرہ بلفتی بگٹی کی اپنے قبیلے کے ساتھیوں سمیت پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کے موقع پر کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری سید اقبال شاہ، سیکرٹری اطلاعات سردار سربلند جوگیزئی، ولی محمد قلندرانی سمیت دیگر بھی موجودتھے،حاجی علی مدد جتک نے کہا کہ پیپلزپارٹی حقیقی جمہوریت پر یقین رکھتی ہے یہی وجہ تھی کہ پیپلز پارٹی نے میثاق جمہوریت کیا لیکن یہ میثاق جمہوری حکومتوں کیلئے تھا نہ کہ سلیکٹڈ اور دھاندلی کے ذریعے بننے والی حکومتوں کیلئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ بنانے میں سب سے کلیدی کردار پیپلز پارٹی کا تھا جس نے تمام سیاسی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکھٹا کیا پیپلز پارٹی 8دسمبر کے اجلاس اور 13دسمبر کے لاہور کے جلسے میں کئے جانے والے ہر فیصلے اور اعلان پر عمل کریگی اگر پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے اسمبلیوں سے استعفیٰ دینے کا فیصلہ ہوا تو اس پر بھی عمل کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اور پیپلز پارٹی عوامی مفادات کی سیاست کر رہے ہیں پی ڈی ایم سلیکٹڈ حکومت کے خلاف عوام کی آواز بن کر کھڑی ہے بہت جلد عوام کو ان حکمرانوں سے نجات ملنے والی ہے انہوں نے کہا کہ تبدیلی سرکار نے مہنگائی، اسٹیل ملز سمیت میڈیا اور تمام شعبوں سے ہزاروں لوگوں کو بے روزگار، تنخواہوں میں کٹوتی، معیشت کا بیڑا غرق کرکے تبدیلی کا تحفہ دیا ہے حکومت کے لوگوں نے جو بیانات دئیے ان سب سے روگردانی کی ہے جلد ہی حکومت کے گھر جانے کا وقت آنے والا ہے،انہوں نے کہا کہ اپوزیشن میں ہوتے ہوئے بھی بلاول بھٹو زرداری اور آصف علی زرداری کی قیادت پر لوگوں نے شمولیت کر کے ہم پر اعتماد کا اظہار کیا ہے پیپلز پارٹی وہ واحد جماعت ہے جس نے ملک کو آگے لیکر جانے، عوام کے حالات بہتر کرنے، ملک کو مضبوط کرکے پاؤں پر کھڑا کرنے کے لئے کام کیا اور ملک کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے بلوچستان میں ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے اور عوام کے حقوق کی جدوجہد کی یہی وجہ ہے کہ آج پیپلز پارٹی میں لوگ جوق در جوق شامل ہورہے ہیں انہوں نے امید ظاہر کی کہ وڈیرہ بلفتی بگٹی اور انکے رفقاء پارٹی کو فعال بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔اس موقع پر پیپلز پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹر ی سید اقبال شاہ نے پیپلز پارٹی بلوچستان کی جانب سے پشاور میں آکسیجن کی کمی کی وجہ سے ہونے والی اموات کی مذمت اور واقعہ کی تحقیقات کے لئے اعلیٰ کمیشن تشکیل دینے کا مطالبہ کیا۔