حریم شاہ اور صندل خٹک پر چوری کا مقدمہ درج کرنے کی درخواست مسترد
لاہور:لاہور کی سیشن کورٹ نے سوشل میڈیا ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک پر ویڈیوز بناکر مقبول ہونے والی خواتین حریم شاہ اور صندل خٹک کے خلاف مقدمے کی درخواست نمٹادی۔
سیشن کورٹ کے ایڈیشنل سیشن جج نعمان محمد نعیم نے مبشر لقمان کی جانب سے دونوں ٹک ٹاکرز کے خلاف دائر کردہ درخواست پر سماعت کی۔
سماعت کے دوران سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس ماڈل ٹاؤن عدالت کو بتایا کہ دونوں ٹک ٹاک اسٹارز کے خلاف تحقیقات کی ہیں اور دونوں کے پاس سے چوری کا کوئی سامان برآمد نہیں ہوا۔
دوران سماعت مبشر لقمان کے وکیل نے دونوں ٹک ٹاکرز رحیم شاہ اور صندل خٹک کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے حق میں دلائل دیے تھے۔
بعدازاں عدالت نے پولیس کی جانب سے جمع کرائی گئی رپورٹ کی روشنی اور دلائل سننے کے بعد درخواست کو نمٹانے کا فیصلہ سنایا۔دوسری جانب حریم شاہ اور صندل خٹک کے وکیل نے مذکورہ درخواست کی مخالفت کی تھی۔
خیال رہے کہ گزشتہ برس دسمبر میں مبشر لقمان نےحریم شاہ اور صندل خٹک نامی ٹک ٹاک اسٹارز پر ان کے نجی طیارے میں بغیر اجازت بیٹھنے اور قیمتی سامان چوری کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔
ٹی وی اینکر نے لاہور ہائی کورٹ میں دونوں خواتین سمیت پنجاب کے صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان کے خلاف بھی مقدمہ دائر کرنے کی درخواست کی تھی۔
مبشر لقمان نے الزام لگایا کہ فیاض الحسن چوہان کی ایما پر یہ دونوں خواتین ان کے جہاز میں آئیں اور قیمتی چیزیں چرالیں، جن میں لاکھوں روپے مالیات کے کیمرے اور دیگر سامان شامل ہیں۔
خیال رہے کہ اینکر نے حریم اور صندل کی جہاز میں بنائی گئی ویڈیو سامنے آنے کے بعد تھانے میں ان کے خلاف شکایت بھی درج کروائی تھی، البتہ انہوں نے عدالت میں بتایا کہ متعلقہ پولیس اسٹیشن میں درخواست پر تسلی بخش کاروائی نہ ہونے پر وہ عدالت سے رجوع کررہے ہیں۔
دوسری جانب حریم شاہ اور صندل خٹک نے بھی لاہور کی ضلعی عدالت میں مبشر لقمان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست دائر کی تھی۔
ماڈلز نے اپنی درخواست میں بتایا تھا کہ مبشر لقمان نے ان پر چوری کرنے کا جھوٹا الزام عائد کیا جبکہ دونوں خواتین نے مبشر لقمان پر انہیں ڈرانے اور دھمکیاں کا دینے کا الزام بھی عائد کیا۔