جلسہ،احتجاج ہمارا جمہوری حق جس سے ہمیں کوئی نہیں روک سکتا،پی ڈی ایم کوئٹہ

کوئٹہ:پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم) میں شامل جماعتوں کے رہنماؤں نے کہاہے کہ سلیکٹڈ حکمرانوں نے ملک کو دیوالیہ اور پارلیمنٹ کو بے توقیر کردیاہے،حقوق اور آئین کی بالادستی کی بات کرنے والوں کو غدار ٹھہرایاجاتاہے،کورونا وائرس کو جواز بنا کر ایک بار پھر ملک کو بند کرکے اقتدار کو طول دینا چاہتے ہیں غریب عوام کا خون چوس کر ان کااستحصال کیا گیا،عوام کو ایک کروڑ نوکریاں دینے والوں نے روزگار چھین کر عوام کوخودکشی پر مجبور کردیاہے،پاکستان جمہوری تحریک کی جانب سے پاکستان کو ایک فلاحی ریاست میں تبدیل کیلئے جدوجہد جاری رہے گی،دیمک زدہ بیساکھیوں پر کھڑی سلیکٹڈ حکومت عوام کی مزاحمت کو برداشت نہیں کرسکے گی،حکومت بوکھلاہٹ کاشکار ہوکر کارکنوں پر تشدد اور گرفتاریاں پراتر آئی ہے،جلسہ،احتجاج ہمارا جمہوری حق جس سے ہمیں کوئی نہیں روک سکتا۔ان خیالات کااظہار جمعیت علماء اسلام کے صوبائی امیر مولاناعبدالواسع،پشتونخواملی عوامی پارٹی کے سینیٹرعثمان خان کاکڑ، بلوچستان نیشنل پارٹی کے آغا حسن بلوچ،نیشنل پارٹی کے خیر جان بلوچ، عوامی نیشنل پارٹی کے رشید خان ناصر،مرکزی جمعیت اہل حدیث کے مولاناعصمت اللہ سالم،پاکستان پیپلزپارٹی کے ولی محمد،پاکستان مسلم لیگ(ن) کے عبدالوہاب اٹل ودیگر نے پی ڈی ایم کے مرکزی صدر وجمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی دی گئی کال پر باچاخان چوک پر منعقدہ احتجاجی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سیاسی جماعتوں کے اراکین اسمبلی نصراللہ زیرے،اخترحسین لانگو،احمدنواز بلوچ، مولاناعبدالرحمن رفیق،حاجی بشیر احمدکاکڑ، مولاناخورشید احمد، عبدالرحیم زیارتوال،کبیر افغان، عطاء محمد بنگلزئی،عبید لاشاری ودیگر بھی موجود تھے۔مقررین نے ملتان میں پی ڈی ایم کے کارکنوں کی گرفتاریاں،تشدد اور قائدین کے خلاف مقدمات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ آئین کی بالادستی کی بات کرنے والوں کو غدار کے القابات سے نوازا جاتاہے مرکز میں حکومت سلیکٹڈ اور نااہل جبکہ بلوچستان میں ایک ایسی پارٹی کو حکومت دی گئی ہے جس کی عمر 9ماہ تھی اور باپ پارٹی کی شکل میں لوٹیروں کو بلوچستان پرمسلط کیا گیا،پی ڈی ایم جمہوری تحریک اور اپنے منزل مقصود کی جانب سے رواں دواں ہے اگر اس کاراستہ روکنے کی کوشش کی گئی تو عوام کی جانب سے سخت مزاحمت کاسامنا کرنا پڑے گا، پی ڈی ایم ملک میں عوام کی ووٹ کی پرچی کے ذریعے منتخب حکومت چاہتی ہے،ملک میں نااہل وسلیکٹڈ حکمرانوں کی وجہ سے پارلیمنٹ بے توقیر ہوگئی ہے،ملتان میں عوام کے سمندر کے سامنے نہ ٹک سکنے والی سلیکٹڈ حکومت پسپا ہوگئی اور جلسے سے یوٹرن آئی جی کے ذریعے لی،وزراء میدان چھوڑ کر بھاگ نکلیں،جعلی حکومت کے ظلم اور بربریت کے دن گنے جاچکے ہیں نئے پاکستان کے نام پر دو سال کے اندر پاکستان کو کئی سال پرانا بنادیا اب پی ڈی ایم کے سربراہ قائد جمعیت مولانا فضل الرحمان کی کال لبیک کہتے ہوئے پاکستان کا مستقبل محفوظ بنانے کیلئے عوام کو ساتھ لے چلیں گے ملک کے غریب عوام کو بے گھر کرنے اور ان کے منہ کا نوالہ چھیننے والے بہتری کی امیدیں دلانے کی بات کرتے ہوئے شرم کریں انہوں نے کہا کہ آج نااہل حکمرانوں کی وجہ سے ہر محاذ پر پاکستان دیوالیہ پن کا شکار ہے انہوں نے کہا کہ آج افسوس کا مقام ہے کہ کرونا وائرس کو جواز بنا کر ایک بار پھر ملک کو بند کرکے اقتدار کو طول دینا چاہتے ہیں خون پسینے سے ملک کی خدمت کرنے والے آج بھی استحصال کا شکار ہیں، بلکہ روزگار چھین جانے سے خودکشی پر مجبور ہوچکے ہیں پاکستان کو ایک فلاحی ریاست میں تبدیل کرنے آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے قوم کو بیدار کریگی انہوں نے کہاکہ پی ڈی ایم حقیقی معنوں میں پارلیمنٹ کی بالادستی آئین اور قانون کی حکمرانی میڈیا اور عدلیہ کی آزادی جاری کمرتوڑ مہنگائی‘بیروزگاری‘ بدامنی ملک اور یہاں کے عوام کو نجات دلانے کے لئے جدوجہد میں مصروف عمل ہیں تاکہ ان سلیکٹڈ حکمرانوں سے عوام کی جانب چھڑائی جائے اور اس کے لئے سیاسی کارکنوں کو اپنے بھرپور کردار ادا کرنے کے لئے عوام کو شعوری و فکری طور پر باشعور رکھ کر میدان میں لانا ہوگا کیونکہ جدوجہد کے بغیر ہم کسی بھی صورت میں عوام کو جو درپیش مشکلات ہیں ان بحرانوں کے نکالنے کے لئے جدوجہد اولین شرط ہے،سرکار کی دیمک زدہ بیساکھیوں کو عوام اپنی جمہوری اور آئینی جدوجہد سے گرانے میں کامیاب ہونے والے ہیں اور پاکستان دشمن حکومت جو صرف جھوٹ اور میڈیا کے سہارے کھڑی ہے کے خاتمے کیلئے پوری قوم متحد ہوچکی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے