عوام کو بنیادی طبی سہولیات فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے، گورنر بلوچستان

کوئٹہ: گورنر بلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی نے کہا ہے کہ عوام کو بنیادی طبی سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ معیاری ادویات کی دستیابی کو یقینی بنانا بھی ریاست کی ذمہ داری ہے جعلی اور غیر معیاری ادویات سے ایک طرف اگر چند مخصوص دواساز کمپنیوں کو منافع ملتا ہے تو دوسری جانب ہزاروں مریضوں کی زندگیوں کو خطرات لاحق ہوجاتے ہیں. گورنر یاسین زئی نے دو ٹوک الفاظ میں واضح کر دیا کہ جعلی اور غیر معیاری ادویات کے دھندے میں ملوث تمام عناصر کے خلاف بلا امتیاز قانونی کارروائی کی جائے گی. ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز گورنرہاوس کوئٹہ میں مارٹن ڈو مارکر لمیٹڈ کے ایم ڈی جاوید غلام محمد کی قیادت میں وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا. وفد سے بات چیت کرتے ہوئے گورنر بلوچستان نے کہا کہ مارٹن ڈو مارکر لمٹیڈ ہمارے صوبے میں ایک اہم دواساز کمپنی ہے جس کی صوبے میں موجودگی سے یہاں کے سینکڑوں افراد کو روزگار میسر ہیں. لہٰذا ضرورت اس امر کی ہے کہ مارٹن ڈو مارکر لمٹیڈ میں موجودہ جدید تقاضوں کے مطابق وسعت دی جائے اور اس کو ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے معیار کے مطابق لانے کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے گورنر یاسین زئی نے کہا کہ اسطرح صوبہ میں نئی کمپنیوں کے قیام سے طب کے شعبہ سے وابستہ افراد کو روزگار کے نئے مواقع بھی میسر ہو جائینگے گورنر یاسین زئی نے جان لیوا کروناوائرس سے پیدا ہونے والی مشکل صورتحال کے دوران مارٹن ڈو مارکر لمیٹڈ کی سرانجام دی جانے والی عوامی خدمات کو سراہا اور توقع ظاہر کی کہ آئندہ بھی ان کے متعلقہ افراد عوامی خدمات میں پیش پیش رہیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے