ہمیں معذورافراد کو زندگی کے ہر شعبہ میں برابر مواقع فراہم کرنا ہونگے،جام کمال خان

کوئٹہ:وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے عالمی یوم خصوصی افراد کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ بحیثیت مسلمان ہمارا پختہ ایمان ہے کہ اللہ تعالیٰ اگر کسی شخص میں کوئی جسمانی کمی اور کمزوری پیدا کرتا ہے تو اس کی ذہنی اور دیگر صلاحیتوں میں اضافہ بھی کرتا ہے اور زندگی گزارنے کے لئے اتنا ہی ہمت اور حوصلہ بھی دیتا ہے۔ خصوصی افراد معاشرے کے ایک کارآمد اور فعال فرد ہیں اور حکومت ان کی فلاح و بہبود کے لئے مختلف اقدامات کو یقینی بنا رہی ہے جس میں ان کی تعلیم و تربیت، صحت اور ملازمتوں میں خصوصی کوٹہ شامل ہے۔اس کے علاوہ بلوچستان خصوصی افراد ایکٹ 2017 ء کو بھی نافذ کر دیا گیا ہے اس ایکٹ کے تحت خصوصی افراد کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال کی پی ایس ڈی پی میں خصوصی تعلیم کے شعبہ میں 500ملین مختص کیے گئے ہیں، خصوصی افرا د کیلئے سرکاری ملازمتوں میں مختص پانچ فیصد کوٹہ پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ جبکہ بلوچستان عوامی انڈومنٹ فنڈ میں بھی معذور افراد کے علاج و معا لجہ کیلئے دس فیصد کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔وزیرا علیٰ نے کہا ہے کہ خصوصی افراد نے ہمیشہ کھیل، فنون، شہری تنظیموں و کاروباری دنیا کی طرح زندگی کے ہر میدان میں اعلیٰ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے عزم و ارادے کی مثال قائم کی ہے۔ موجودہ حکومت نے تعلیمی خدمات سے لیکر دیکھ بھال کے شعبہ جات میں روزگار فراہم کرنے کی تفریق کا سدباب کرنے کے حوالے سے متعدد اہم اقدامات اٹھائے ہیں۔ انہو ں نے کہا کہ سول سوسائٹیز اور مخیر حضرات کو بھی آگے آنا ہوگااور حکومت کا ساتھ دیتے ہوئے معذور افراد کیلئے مزید آسانیوں کے امکانات فراہم کرنے ہونگے۔ ان افراد کو مزید خوشحال بنانے کیلئے ہم سب کو مل جل کر کام کرنا ہوگا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہماری حکومت معذور افراد کو تعلیم اور روزگار کے یکساں مواقع فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔خصوصی افراد کو خود مختار بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائیں گے اور حکومت نے خصوصی افراد کیلئے اسٹریٹجیک ایکشن پلان 2021-2025کا ڈرافٹ تیار کر لیا ہے۔ خصوصی افراد کی شکایات کے ازالے کیلئے ڈائریکٹریٹ سماجی بہبود میں باقاعدہ سیل کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ انہوں نے کاکہا کہ اس دن کا مقصد معذور افراد کے حقوق کے سلسلے میں آگاہی فراہم کرنا ہے۔ ہمیں ان افراد کو زندگی کے ہر شعبہ میں برابر مواقع فراہم کرنا ہونگے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے