سریاب میں خواتین کیلئے لائبریری کا قیام ایک انقلابی اقدام ہے،احمد بخش لہڑی

کوئٹہ :سابق چیف سیکریٹری بلوچستان احمد بخش لہڑی نے کہا کہ کتابوں سے دوستی، علم سے محبت اور لائبریری قائم کرکے اسے آباد رکھنے کی فکری اور عملی کوشش زندہ قوموں کی علامت ہے طلباء و طالبات کتابوں کو اپنا دوست بنا کر علمی اور روحانی رشتہ جوڑے رکھے تو زندگی کے ہر میدان میں کامیاب ہوں گے صوبے کے مختلف اضلاع میں طلباء خصوصا خواتین کے لئے لائبریریوں کے قیام سے ان کے ذوق میں بہتری اور معاشرہ ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا ان خیالات کا اظہار انہوں نے سریاب لوہڑ کاریز میں خواتین کیلئے قائم پبلک لائبریری کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کوئٹہ میجر ریٹائرڈ اورنگزیب بادینی، ایم ڈی واسا، علاقائی معتبرین اور دیگر افراد بھی موجود تھے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق چیف بلوچستان احمد بخش لہڑی نے مزید کہا کہ لائبریریاں علوم و فنون اور معلومات کے حصول کا بہترین ذریعہ ہے جس سے علم کا طلبگار باآسانی استفادہ حاصل کر سکتا ہے انہوں نے کہا کہ دنیا کی کوئی بھی ترقی یافتہ قوم کتب خانوں سے بے نیاز نہیں رہ سکتی اور اس کی اہمیت اور افادیت سے کسی صورت انکار نہیں ہو سکتا انہوں نے کہا کہ سریاب میں خواتین کے لیے لائبریری کا قیام ایک انقلابی اقدام ہے اور امید ہے کہ مستقبل میں بھی ہمارے نوجوان ایسی مثبت سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے آگے آئیں گے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کوئٹہ میجر ریٹائرڈ اورنگزیب بادینی نے کہا کہ صوبائی حکومت نوجوانوں کو غیر نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ نصابی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے بھی اقدامات اٹھا رہی ہے انہوں نے کہا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ ہمارے نوجوان اپنی مدد آپ کے تحت ایسی سرگرمیاں سرانجام دے رہے ہیں جس سے معاشرے میں تعلیم کے فروغ اور طلبہ کے لیے سازگار ماحول میسر آ رہا ہے انہوں نے اس موقع پر لائبریری انتظامیہ کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ لائبریری میں سہولیات کے علاوہ درپیش مسائل کے حل کے لیے بھی ہر ممکن اقدامات کریں گے قبل از سابق چیف سیکرٹری بلوچستان احمد بخش لہڑی نے خواتین کیلئے قائم لائبریری کا باقاعدہ افتتاح کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے