ایف سی بلوچستان قیام امن سمیت سماجی سرگرمیوں میں حکومت کے شانہ بشانہ ہے،جام کمال
کچھی: وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت صوبے میں سیاحت کے فروغ کے لیے سنجیدہ اقدامات اٹھا رہی ہے۔ صوبے میں قدرتی حسین اوردلفریب مقامات کو سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنائیں گے،ایف سی بلوچستان قیام امن سمیت سماجی سرگرمیوں میں حکومت کے شانہ بشانہ ہے،پیر غائب کے قدرتی حسین مناظر سحر انگیز ہیں جس کی تزئین و آرائش اور ڈویلپمنٹ میں ایف سی بلوچستان نارتھ کا کلیدی کردار ہے،ایف سی کے چھ جوانوں نے جانوں کا نذرانہ پیش کر کے پیر غائب پارک کی بحالی کے تسلسل کو برقرار رکھا جو قابل ستائش ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع کچھی کے تفریحی مقام پیر غائب پارک کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹننٹ جنرل وسیم اشرف، چیف سیکرٹری بلوچستان فضیل اصغر، آئی جی ایف سی بلوچستان نارتھ میجر جنرل فیاض حسین شاہ، پرنسپل سیکرٹری ٹو وزیر اعلی بلوچستان زاہد سلیم، کمشنر نصیرآباد ڈویژن عابد سلیم قریشی، سیکٹر کمانڈر ایسٹ بریگیڈیئر نوید چیمہ سمیت سول و عسکری حکام بھی موجود تھے،قبل ازیں وزیراعلی نے پیر غائب پارک کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر آئی جی ایف سی نارتھ بلوچستان میجر جنرل سید فیاض حسین شاہ نے پارک کی بحالی اور مختلف مقامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیراعلیٰ نے ایف سی بلوچستان نارتھ کی کارکردگی اور شہداء ایف سی کی قربانیوں کو سرہاتے ہوئے کہا کہ پیر غائب پارک کی بحالی میں ایف سی نارتھ بلوچستان کی کاوشیں قابل ستائش ہے جنہوں نے دن رات محنت کرکے مختصر عرصہ میں پارک کی بحالی تزئین و آرائش کے کام کو مکمل کیا جبکہ مذکورہ پارک کی بحالی کے کام کے دوران جن جوانوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے انہیں پوری قوم خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت صوبے میں سیاحت کے شعبہ کی ترقی و ترویج کے لیے سنجیدہ بنیادوں پر ٹھوس اقدامات اٹھا رہی ہے۔ پیر غائب پارک کی بحالی اس کی ایک کڑی ہے اور اس تسلسل کو صوبے کے دیگر اہم تفریحی مقامات میں بھی برقرار رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے قدرتی حسین اور پر کشش مقامات نہ صرف سیاحو ں کو اپنی طرف متوجہ کرتے ہیں بلکہ یہ قدرتی دلفریب حسین مناظر آنے والے سیاحوں پر سحر طاری کردیتے ہیں جن کی بحالی ترقی و ترویج صوبائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیاحت کا شعبہ تفریح کے علاوہ صوبے میں معاشی اعتبار سے بھی معاون ثابت ہوگا اور یہاں کے مقامی لوگوں کو بہتر انداز میں روزگار بھی میسر آئے گا۔ وزیراعلی نے پارک کے مختلف حصوں کا معائنہ بھی کیا۔ اس سے قبل وزیراعلی بلوچستان سمیت دیگر مہمانان گرامی کی پیر غائب آمد پر شاندار استقبال کیا گیا اور بلوچی لباس میں ملبوس بچے نے پھولوں کا گلدستہ بھی پیش کیا۔آخر میں آئی جی ایف سی نارتھ بلوچستان میجر جنرل فیاض حسین شاہ نے وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان،کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل وسیم اشرف، چیف سیکرٹری بلوچستان فضیل اصغرو دیگر کو سوئینر پیش کیے