تعلیم اور تربیت ایک دوسرے کیلئے لازم ملزوم ہیں،گورنر بلوچستان
کوئٹہ:گورنر بلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی نے کہا ہے کہ تعلیم اور تربیت ایک دوسرے کیلئے لازم ملزوم ہیں اور دونوں کے اشتراک سے ہی نئی نسل کی بہتر نشوونما کی جاسکتی ہے۔ گورنر یاسین زئی نے کہا کہ صوبے میں کیڈٹ کالجز کا نمایاں کردار رہا ہے لہٰذا ضروری ہے کہ کیڈٹ کالجوں کی شاندار کارکردگی کو زیادہ سے زیادہ اْجاگر کیا جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاوس کوئٹہ میں بلوچستان کیڈٹ کالجز کے 17ویں بورڈ آف گورنرز اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا. اجلاس میں صوبائی وزیر تعلیم سردار یار محمد رند، صوبائی سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن ہاشم خان غلزئی، سیکرٹری قانون اکبر حریفال، ایڈیشنل سیکرٹری حمیداللہ خان ناصر، ایڈیشنل سیکرٹری طارق لاسی اور پرنسپل سیکرٹری ٹو گورنر بلوچستان شاہنواز علی سمیت صوبے کے تمام کیڈٹ کالجز کے پرنسپل صاحبان بھی موجود تھے۔کیڈٹ کالجوں کے پرنسپل اور ان کی پوری ٹیم کی انتھک کاوشوں کو سراہتے ہوئے گورنر نے کہا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ کیڈٹ کالجوں میں بہترین تعلیمی ماحول کی فراہمی کے ساتھ ساتھ طلباء کے کردار سازی اور اخلاق سنوارنے پر بھی توجہ مرکوز رکھی جاتی ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ اداروں کی بقاء میرٹ اور شفافیت کو برقرار رکھنے میں پوشیدہ ہے لہٰذا ضروری ہے کہ کیڈٹ کالجوں میں اساتذہ کی تعیناتی کے دوران میرٹ اور شفافیت کی پاسداری کو یقینی بنایا جائے۔گورنر نے کیڈٹ کالجز کے پرنسپل صاحبان کو متعلقہ اساتذہ کے استعداد کار میں اضافہ کرنے کیلئے بھر پور اقدامات اٹھانے کی خصوصی ہدایت بھی کی. بلوچستان کیڈٹ کالجز کے 17ویں بورڈ آف گورنرز اجلاس کے شرکاء کی سفارشات اور تجاویز کے نتیجے میں کئی اہم فیصلے کئے گئے۔