پی ڈی ایم آج ملتان میں سیاسی قوت کا مظاہرہ کرے گی

ملتان: پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ آج ملتان میں سیاسی قوت کا مظاہرہ کرے گی۔ کارکن سڑکوں پر، چوک گھنٹہ گھر کی طرف مارچ، گیلانی ہاؤس کے باہر بھنگڑے ڈالے جا رہے ہیں۔

لیگی رہنما مریم نواز ملتان جلسے میں شرکت کے لئے لاہور سے روانہ ہوگئیں۔ روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سٹیڈیم کے اندر ہو یا سڑک پر ضرور ہوگا، حکومت کورونا نہیں اپوزیشن سے ڈر رہی ہے، ناکوں اور رکاوٹوں سے ان کا خوف عیاں ہے۔

مریم نواز نے کہا یہ جلسہ ہونے سے پہلے ہی کامیاب ہوچکا، حکومتی وزرا کی جانب سے جلسے ہو رہے ہیں، کیا جماعت اسلامی کے جلسے میں کورونا نہیں پھیلا ؟ مریم نواز جیل کاٹ چکی، دوبارہ گرفتاری سے ڈر نہیں، کسی کو شک نہیں یہ حکومت جانیوالی ہے۔
لیگی رہنما نے مزید کہا رکاوٹیں دیکھ لیں، یہ سب حکومتی خوف کی علامات ہیں، گھروں پر مشکلات آتی ہیں تو بیٹیاں باہر نکلتی ہیں، ملتان میں (ن) لیگ سے پہلے پولیس کا جلسہ ہو رہا ہے، پولیس والے بھی عوام سے تنگ ہیں۔

پیپلزپارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہمشیرہ آصفہ بھٹو زرداری کراچی سے ملتان پہنچ گئیں۔ صوبائی وزیر تعلیم و محنت سعیدغنی، وزیر اطلاعات سندھ ناصرشاہ، ایم این اے شگفتہ جمانی بھی آصفہ بھٹو زرداری کے ہمراہ تھے۔ آصفہ بھٹو زرداری چارٹرڈ طیارے کے ذریعے ملتان پہنچیں۔ آصفہ بھٹو پیپلزپارٹی جلسے میں بلاول بھٹو کی نمائندگی کریں گی، وہ جلسے میں پی ڈی ایم قیادت کا استقبال کرینگی۔

ادھر انتظامیہ نے بھی کمر کس لی، جگہ جگہ رکاوٹیں کھڑی کی جا رہی ہیں، کنٹینر لگا کر راستے بلاک کر دئیے گئے۔ ملتان میں پی ڈی ایم کا جلسہ روکنے کیلئے پولیس کی جانب سے کئی شہروں میں پکڑ دھکڑ کی گئی۔ پولیس نے ملتان گھنٹہ گھر چوک میں نواز لیگ کی ریلی نکالنے کی کوشش ناکام بنا دی، گھنٹہ گھر کو چاروں طرف سے سیل کر دیا گیا۔
فیصل آباد میں ورکرز کنونشن روکنے کیلئے سابق ایم این اے میاں عبدالمنان کے گھر پولیس نے چھاپہ مارا، ایم این اے عائشہ رجب اور رہنما این اے 109 مزمل سرور ڈوگر کے گھر پر بھی ریڈ کیا گیا۔

وہاڑی میں تہمینہ دولتانہ کے دفتر اور دیگر مقامات پر چھاپوں کے دوران 13 لیگی کارکن دھر لئے گئے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے