عوام نے تاج و تخت گرا دیے ہیں کیونکہ وہ ووٹ کی عزت چاہتے ہیں،سرداراختر مینگل
ملتان: بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) مینگل کے سربراہ سرداراختر مینگل نے کہا ہے کہ عوام نے تاج و تخت گرا دیے ہیں کیونکہ وہ ووٹ کی عزت چاہتے ہیں۔
پی ڈی ایم کے زیر اہتمام گھنٹہ گھر چوک ملتان میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ اس ملک میں اگر حکمرانی ہو گی تو وہ ووٹ کی ہو گی۔
اختر مینگل نے کہا کہ اگر کوئی ماں اور بہنوں کی عزت نہیں کرسکتا ہے تو اسے حکمرانی کرنے کا بھی کوئی حق نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے اپنی نا اہلی چھپانے کے لیے پنڈال میں جلسہ کرنے نہیں دیا لیکن لوگ تمامتر رکاوٹیں توڑ کر یہاں پہنچے ہیں۔
بی این پی مینگل کے سربراہ نے کہا کہ عوام اپنا حق چاہتے ہیں اور اپنے ووٹ کی عزت کے خواہش مند ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بلوچستان کے ساتھ ہمیشہ سے نا انصافی ہو رہی ہے۔