بلو چستان میں کھیلوں کا فروغ کبھی کسی حکومت کی ترجیح نہیں رہی،جام کمال خان
کوئٹہ:وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان نے کہاہے کہ ماضی میں بلو چستان میں کھیلوں کا فروغ کبھی کسی حکومت کی ترجیح نہیں رہی تاہم ہماری حکومت نے صوبے کی نوجوانوں کو کھیلوں کی سہولیات کی فراہمی کیلئے جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات اٹھائے صوبائی حکومت نے کھیل کے شعبہ میں ترقیاتی منصوبوں کا آغاز کردیا ہے ماسٹر پروگرام کے تحت ہر ضلع میں سپورٹس کمپلیکس تعمیر کیے جارہے ہیں جس سے نوجوان کھلاڑیوں کو صحت مندانہ سرگرمیاں ان کی دہلیز پر میسر ہوں گی ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ ترقیاتی پیکج کے تحت ائر پورٹ روڈ پر زیر تعمیر سپورٹس کمپلیکس کے مختلف حصوں کے معائنہ کے موقع پر ملک کے نامور سپورٹس جرنلٹس سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر پارلیمانی سیکریڑی اطلاعات محترمہ بشری رند،ڈائریکٹر جنرل سپورٹس،ڈائریکٹر جنرل تعلقات عامہ ودیگر حکام بھی موجود تھے۔وزیر اعلی نے کہاکہ گزشتہ برس بلو چستان انٹرنیشنل اسکوائش لیگ ٹوکے انعقاد کا فیصلہ کیا اور اس سال اسکوائش لیگ تھری کا کامیاب انعقاد کیا جا رہاہے جس میں چار انٹرنیشنل اسکوائش پلئیرز لیگ میں حصہ لے رہے ہیں جن کا تعلق یو ایس اے،اسکاٹ لینڈ اور مصر سے ہے۔انہوں نے کہاکہ انٹرنیشنل اسکوائش لیگ کے انعقاد سے بین الاقوامی سطح پر بلو چستان کا مثبت تشخص اجاگر ہونے کے ساتھ ساتھ مثبت پیغا م بھی جائے گا۔ وزیر اعلی نے کہاکہ نوجوان کھلاڑی اس وقت شاندار کارکردگی کامظاہرہ کر سکتے ہیں جب انہیں بہترمواقع اور ماحول فراہم کیا جائے انہوں نے کہاکہ ہم اپنے نوجوان کھلاڑیوں کی ہر سطح پر حوصلہ افزائی کریں گے صوبے میں پہلی مرتبہ محکمہ کھیل کو جدید خطوط پراستوار کرنے کیلئے تما م دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جارہا ہے۔ صوبے میں پہلی مرتبہ ضلعی سطح پر سپورٹس کمپلیکسز کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے جس کا مقصد مثبت اور تعمیری سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے تاکہ بلو چستان کے نوجوانوں کے سپورٹس کے حوالے سے ٹیلنٹ کو مزید اجاگر کیا جاسکے۔