توہین عدالت کیس : فروغ نسیم، فواد چوہدری، فردوس عاشق اور شہزاد اکبر طلب
پشاور: پرویز مشرف فیصلے میں جج کے خلاف توہین آمیز پریس کانفرنس کرنے پر پشاور ہائیکورٹ نے توہین عدالت کیس میں فروغ نسیم، فواد چوہدری، فردوس عاشق اعوان اور شہزاد اکبر کو طلب کرلیا۔سابق صدر پرویز مشرف سنگین غداری کیس فیصلے کے بعد خصوصی عدالت کے سربراہ جج جسٹس وقار احمد سیٹھ کے خلاف وفاقی وزراء کی پریس کانفرنس کے معاملے سے متعلق پشاور ہائیکورٹ میں وفاقی وزراء کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت ہوئی۔
جسٹس روح الامین نے ہدایت کی کہ جنہوں نے توہین عدالت کی ہے وہ آئندہ سماعت پر خود پیش ہوں۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل عامر جاوید نے استدعا کی کہ فریقین کی طرف سے ہم اس کیس پر دلائل دیں گے۔ جسٹس روح الامین نے کہا کہ توہین عدالت جس نے کی وہ پیش ہوجائے پھر آپ کو بھی سنیں گے۔
عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر وفاقی وزراء کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا۔واضح رہے کہ پرویز مشرف پھانسی کیس کا فیصلہ آنے کے بعد وفاقی وزرا فروغ نسیم، فواد چوہدری، معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان، شہزاد اکبر نے پریس کانفرنس کی تھی جس میں ان سب نے اسپیشل کورٹ کے سربراہ کے خلاف توہین آمیز جملے کہے تھے۔