پی ڈی ایم سیاسی ساکھ بچانے کیلئے جلسے و جلوس کررہے ہیں،نوابزاہ جمال خان رئیسانی
کو ئٹہ: نوابزادہ میر سراج رئیسانی شہید کے صاحبزادے نوابزاہ جمال خان رئیسانی نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم میں شامل جماعتیں اپنی سیاسی ساکھ کو بچانے کے لئے جلسے و جلوس کرکے عوام کو گمراہ کر رہے ہیں، بلوچستان کی تباہی کے ذمہ دار یہی قوم پرست و مذہب پرست جماعتیں ہیں۔ اپنے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان پہلے ہی بحرانوں سے دوچار ہے کورونا کی پہلی لہر نے ملکی معیشت پر منفی اثرات مرتب کئے اب دوسرا لہرا اس سے زیادہ خطرناک ثا بت ہو سکتا ہے لیکن اس کے باوجود اپوزیشن جماعتیں عوام میں کھوئی ہوئی سیاسی ساکھ بچانے کے لئے جلسے و جلوس کا سلسلہ جا ری رکھے ہو ئے ہیں، وفاق میں پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) نے ملک کی تباہی و بربادی کا سا مان کیا جبکہ بلوچستان کی محرومی اور پسماندگی کی ذمہ داری قوم پرست و مذہب پرست جماعتیں ہیں جنہوں نے یہاں مختلف نا موں پر نفرتیں پھیلا کر عوام کو آپس میں با ہم دست و گریبان کر نے کی کوشش کی اب یہی جما عتیں اپنے مفادات کے لئے متحد ہوگئی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بلوچستان کی عوام محب الوطن ہے پشتون اور بلوچ عوام نے اس سرزمین کے لئے بہت بڑی قربانیاں دی ہیں جنہیں رائیگاں نہیں جانے دیا جا ئے گا۔ انہوں نے عوام سے پرزور اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ کورونا کی دوسری لہر میں احتیاطی تدابیر اختیار کرکے اپنے اور اپنے خاندان کو اس بیماری سے بچائے۔