اپوزیشن لوگوں کی زندگیاں خطرے میں ڈال رہی ہے، کسی کو این آر او نہیں ملے گا،عمران خان

لاہور: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن لوگوں کی زندگیوں کوخطرے میں ڈال رہی ہے اور جلسوں سے کچھ نہیں ہونا۔وزیراعظم عمران خان نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خبردار کیا کہ ملک میں اب کورونا سے اموات میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور ہیلتھ اسٹاف پر پریشربڑھ رہاہے، یومیہ اموات 50 سے بھی بڑھ گئی ہیں، احتیاط نہ کی تو پاکستان کے معاشی حالات بگڑ سکتے ہیں، لیکن حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ فیکٹریاں، روزگار بند نہیں کریں گے اور دیہاڑی دار طبقے کو بے روزگار نہیں کرِیں گے، کیونکہ کورونا سے بچاتے بچاتے لوگوں کو بھوک سے نہیں ماریں گے۔

وزیراعظم نے معیشت کی صورتحال کو حوصلہ افزا قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی معیشت برصغیر میں سب سے تیزی سے بحال ہوئی، ہماری برآمدات میں تیزی سےاضافہ ہورہا ہے، کووڈ کےدوران بھارت اور بنگلا دیش ہم سے پیچھے ہیں۔
اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے جلوسوں کے بارے میں عمران خان نے کہا کہ ہم نےفیصلہ کیاہےکہ جب تک کوروناکم نہیں ہوتا کوئی جلسہ،جلوس نہیں کرینگے، کوئی بھی ایسا کام نہیں کرنا چاہیے جہاں لوگ جمع ہوں، پی ٹی آئی نے اپنا جلسہ ختم کردیا ہے، اپوزیشن لوگوں کی زندگیوں کوخطرے میں ڈال رہی ہے، جلسے جلسوں سے کوئی فائدہ نہیں ہونا اور کسی کو این آر او نہیں ملے گا۔

عمران خان نے لاہور اور کراچی کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ لاہور کی ساری گندگی راوی میں جا رہی ہے، کراچی پھیلتا جا رہاہے ،کچرا اٹھ سکتاہے نہ سیوریج کا مسئلہ حل ہوسکتاہے، لاہور کا پانی بہت نیچے چلا گیا ہے، 20سال میں لاہور کے درخت 70 فیصد کم ہوگئے ہیں ، راوی پروجیکٹ اور بنڈل آئی لینڈ پروجیکٹ بہت ضروری ہیں جن سےڈالر پاکستان آئیں گے، بنڈل آئی لینڈ تیمر کے جنگلات اور کراچی کو بچانے کا پروجیکٹ ہے، راوی پروجیکٹ سے پانی بچے گا،لاہور کا زیر زمین پانی اوپر آئےگا۔

وزیراعظم نے پنجاب حکومت کی کارکردگی کے حوالے سے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ٹیمیں قبضہ گروپوں کے خلاف کارروائی کر رہی ہیں، لاہور کے قبضہ گروپوں کی چیخیں جلد سنیں گے، اوورسیزپاکستانیوں کی زمینوں پرقابض گروپوں کیخلاف ایکشن شرو ع ہونیوالاہے۔

عمران خان نے وزارت خارجہ کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی کامیاب جا رہی ہے ،آج دنیا میں پاکستان کا نام ہے، پاکستان نے طالبان اور امریکا کے درمیان مذاکرات کرائے، ماضی میں کسی اور کی جنگ کی ناکامی کا ذمےدار ہمیں ٹھہرایا جا رہاتھا، لیکن آج ڈومورکہنےوالا امریکا بھی پاکستان کےاقدامات کی تعریف کر رہاہے، ہماری حکومت کی خارجہ پالیسی سب سے کامیاب ہے جس کی بدولت ہندوستان دنیا میں ایکسپوز ہوا، ترکی ،ایران ،سعودیہ ،یو اے ای سےپاکستان کے اچھے تعلقات ہیں، موثرلابنگ سےبھارت کا چہرہ دنیا میں بے نقاب ہواہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے