طلباء تنظیم کسی بھی سیاسی جماعت میں ریڑھ کی ہڈی کی مانند ہے،سینیٹر منظور کاکڑ
کوئٹہ:بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل وسینیٹر منظوراحمد کاکڑ نے کہاہے کہ طلباء تنظیم کسی بھی سیاسی جماعت کی مضبوطی اور فعالیت میں اہم کرداراداکررہی ہے،بلوچستان عوامی سٹوڈنٹس فیڈریشن طلباء وطالبات کی نمائندگی موثر انداز میں کریگی،بلوچستان حکومت صوبے میں کھیلوں کے فروغ کیلئے کوشاں ہے تاکہ صوبے کے نوجوانوں کو کھیلوں کے ذریعے ان کے ٹیلنٹ دکھانے کے مواقع میسر ہوں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز گورنمنٹ سائنس کالج کوئٹہ میں بلوچستان عوامی سٹوڈنٹس فیڈریشن کے نومنتخب کابینہ سے حلف لینے کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے نئی کابینہ کومبارکباد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ نئی کابینہ پارٹی کی فعالیت کے ساتھ ساتھ طلباء تنظیم کی مضبوطی اور صوبے کے طلباء وطالبات کی موثرانداز میں نمائندگی کرینگے،انہوں نے کہاکہ بلوچستان کے طلباء وطالبات مستقبل کے معمار ہے جو آگے جا کر ملک کی ترقی اور خوشحالی میں کرداراداکرینگے،یہی لوگ مختلف شعبوں سے وابستہ ہوکر اپنے فرائض سرانجام دیں گے،انہوں نے طلباء وطالبات پر زور دیاکہ وہ دل لگا کر پڑھائی کریں تاکہ مستقبل میں بلوچستان کا چہرہ بن کر دنیا میں اس سرزمین کانام روشن کریں،انہوں نے کہاکہ طلباء تنظیم کسی بھی سیاسی جماعت میں ریڑھ کی ہڈی کی مانند ہے بلکہ نوجوانوں کو سیاسی شعور کے ساتھ ساتھ طلباء کی نمائندگی کیلئے بھی اہم ہوتاہے،انہوں نے کہاکہ بلوچستان انٹرنیشنل اسکواش لیگ کامقصد صوبے کے ان نوجوان مرد وخواتین کھلاڑیوں کے ٹیلنٹ کو آگے لاناہے،حکومت بلوچستان کھلاڑیوں کو کھیل کے مواقعوں کی فراہمی کیلئے کوشاں ہے،انہوں نے کہاکہ بلوچستان کے طلباء وطالبات، کھلاڑیوں میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں تاہم مواقعوں کی فراہمی کی ضرورت ہے۔