موجودہ حکومت بلوچستان کی عوام کیلئے بہت جلد ہیلتھ کارڈ انشورنس لارہی ہے،جام کمال

کوئٹہ:وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہاہے کہ موجودہ حکومت بلوچستان کی عوام کیلئے بہت جلد ہیلتھ کارڈ انشورنس لارہی ہے جس کے تحت صوبے کے ہر شہری کو ہیلتھ انشورنس کارڈ دے کر بنیادی سطح پر علاج معالجے کی سہولیات فراہم کریں گے،انڈومنٹ فنڈز سے اب تک 1200مریضوں کی علاج پر کثیر رقم خرچ کی جاچکی ہے،فنڈز کے استعمال کی شفافیت کیلئے صوبائی حکومت اور محکمہ صحت نے مل کر طریقہ کار وضع کی ہے،سردارعبدالرحمن کھیتران کے ساتھ پیش آنے والے واقعہ کی تحقیقات کرکے ذمہ دار کا تعین ہوناچاہئیں،کینسر ہسپتال منصوبے کی تکمیل سے لوگوں کو باہر نہیں جانا پڑے گا،کوشش ہے کہ آئندہ صوبائی بجٹ میں انڈوومنٹ فنڈ کے لئے زیادہ رقم مختص کرسکیں تاکہ زیادہ لوگوں کو علاج معالجے کی سہولت فراہم کرسکیں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے بلوچستان اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا کہ صوبے میں اگرچہ پسماندگی ہے تاہم بلوچستان سمیت پورے ملک میں سب سے زیادہ صحت کے شعبے میں غریب عوام کو یقینی طورپر مشکلات کا سامنا ہے اور اگر کوئی انسان کسی مہلک مرض میں مبتلا ہوجائے تو اس کے علاج معالجے پر نہ صرف اس کی بلکہ پورے خاندان کی مالی حالت خراب ہوجاتی ہے اکثر خاندان معاشی طو رپر تباہ ہوجاتے ہیں پھر بدقسمتی سے اکثر ایسے مہلک امراض میں مبتلا مریضوں کو درست رہنمائی بھی نہیں ملتی جس کی وجہ سے ان کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوجاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں صوبے میں وزیراعلیٰ کے پاس بہت زیادہ اختیارات ہوا کرتے تھے وزیراعلیٰ اپنے صوابدیدی فنڈسے بھی منصوبوں کا اعلان کرتے تھے مگر اب صورتحال ایسی نہیں ہے چار سال قبل میرے حلقے سے کینسر کے مرض میں مبتلا ایک شخص اپنے علاج کے لئے میرے پاس آیا جسے صوبائی حکومت سے علاج معالجے کے لئے فنڈز کی ضرورت تھی اس وقت میرے حلقے سے پرنس احمد علی صوبائی اسمبلی کے رکن تھے جن کے ذریعے ہم نے اس وقت کی صوبائی حکومت سے رابطہ کیا کہ علاج معالجے کے لئے تعاون کیا جائے کچھ عرصہ بعد وہ شخص دوبارہ میرے پاس آیا اور اس نے بتایا کہ متعلقہ حکام کی جانب سے انہیں کہا گیا ہے کہ فنڈز کی منظوری اس صورت ہوگی کہ نصف رقم مریض کی اور نصف رقم متعلقہ حکام کی ہوگی جس پر مجھے بہت افسوس ہوا اور جب ہماری حکومت بنی تو ہم نے بیٹھ کر اس حوالے سے طویل غور وخوض کیا کہ ایسے غریب اور نادار مریضوں کا حکومتی سطح پر کیسے علاج کرایا جائے کہ جن کے علاج پر لاکھوں روپے کے اخراجات آتے ہیں اور پھر ہم چاہتے تھے کہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کا علاج کراسکیں جس پر صوبائی حکومت نے محکمہ سوشل ویلفیئر کے تحت انڈوومنٹ فنڈ قائم کیا اور اس کے لئے ایک بورڈ بھی قائم کیاگیا جس کی منظوری کے بعد مہلک امراض میں مبتلا افراد کے علاج معالجے کے لئے فنڈز دیئے جاتے ہیں ہم نے اس بات کو یقینی بنایا ہے کہ ہر حال میں انڈوومنٹ فنڈ کے درست استعمال کو یقینی بنایا جائے جس کے لئے تمام مراحل پورے کئے جاتے ہیں۔ تاہم ہماری کوشش ہے کہ زیادہ تشویشناک مریضوں کے علاج معالجے کے لئے کوئی آسان اور فوری طریق کار بناکر فنڈز فراہم کئے جائیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بہت جلد پورے صوبے کے عوام کے لئے ہیلتھ کارڈ انشورنس لارہے ہیں جس کے تحت صوبے کے ہر شہری کو ہیلتھ انشورنس کارڈ دے کر بنیادی سطح پر علاج معالجے کی سہولیات فراہم کریں گے انہوں نے کہا کہ سردار عبدالرحمان کھیتران نے جس واقعے سے اپنی تحریک استحقاق پیش کی ہے اس حوالے سے انہوں نے مجھ سے بھی بات کی تھی یقینی طو رپر جب کوئی شخص کسی مہلک بیماری میں مبتلا ہوتا ہے اور اس کے پاس علاج کے لئے بھاری اخراجات نہیں ہوتے تو وہ اپنے نمائندے سے رابطہ کرتا ہے۔ نمائندے کو اس مریض کی بیماری کا زیادہ علم ہوتا ہے خواہش ہے کہ ایسے کیسز جس میں فوری طو رپر پیسوں کی ضرورت ہو وہ مل جائیں تاہم صوبائی حکومت اور محکمہ صحت کا اس سلسلے میں ایک پورا طریق کار موجود ہے جسے پورا کرنا پڑتا ہے سردار عبدالرحمان کھیتران کے ساتھ جو واقعہ پیش آیا اس کی یقینی طو رپر شفاف تحقیقات ہونی چاہئیں اور جو بھی ذمہ دار ہوں ان کا تعین ہونا چاہئے انہوں نے کہا کہ انڈوومنٹ فنڈ کو مزید بہتر بنانا چاہتے ہیں اب تک اس فنڈسے 1200مریضوں کے علاج پرکثیررقم خرچ کرچکے ہیں ایک ایک مریض پر ستر سے اسی لاکھ روپے بھی ہم خرچ کرچکے ہیں کوئٹہ میں کینسر ہسپتال تکمیل کے مراحل میں ہے وہاں پر بچوں کے کینسرکے علاج کے لئے بھی ہسپتال بنارہے ہیں ہسپتال کے قیام کے بعد ہمیں صوبے کے مریضوں کو صوبے سے باہر نہیں بھیجنا پڑے گا انہوں نے کہا کہ اگر چہ تمام شعبوں میں مسائل ہیں تاہم محکمہ صحت، دوسرے محکموں سے یکسر مختلف ہے اور اس کی جانب زیادہ توجہ دینے اور کام کرنے کی ضرورت ہے کوشش ہے کہ آئندہ صوبائی بجٹ میں انڈوومنٹ فنڈ کے لئے زیادہ رقم مختص کرسکیں تاکہ زیادہ لوگوں کو علاج معالجے کی سہولت فراہم کرسکیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے