گلگت میں نامعلوم افراد نے سرکاری اور جنگلات کو آگ لگادی شہر میں خوف کا سماء

گلگت: گلگت شہر میں نامعلوم افراد کی جانب سے وزیر اعلیٰ ہاؤس کے قریب ایک سرکاری گاڑی اور ایئر پورٹ پر قائم محکمہ جنگلات کے دفتر کو آگ لگانے کے بعد شہر میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔

سرکاری املاک کو آگ لگانے کے بعد فائر بریگیڈ اور ریسکیو عملہ آگ بھجانے میں مصروف ہے جبکہ گلگت شہر میں سیکورٹی ہائی الرٹ جاری کردیا گیا ہے اور مزید فورسز کو شہر میں طلب کرلیا گیا ہے۔

سرکاری املاک کو آگ لگانے کی خبر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی جس کے بعد شہر کی تمام مارکیٹ بند ہوگئیں۔

گلگت حلقہ 2 میں مبینہ دھاندلی کے خلاف پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے مرکزی شاہراہ ائیرپورٹ روڈ اور دیگر شاہراہوں کو بلاک کرکے مظاہرہ کرنا شروع کردیا ہے۔ سڑکوں کی بندش سے ٹریفک معطل ہوکر رہ گئی ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل گلگت بلتستان اسمبلی کے حالیہ انتخابات میں گلگت شہر کے حلقہ 2 میں مبینہ دھاندلی کے بعد شہر میں حالات کشیدہ ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے الزام لگایا گیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار کو جتوانے کے لیے دھامندلی کی گئی۔

دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے الیکشن میں مبینہ دھاندلی کے خلاف گلگت شہر میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔ پارٹی کارکنوں نے شہر کے مختلف چوراہوں پر ٹائر جلا کر سڑکیں بند کردی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر اور علی امین گنڈاپور پرامن گلگت شہر کو میدان جنگ بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔ چیف الیکشن کمشنر راجہ شہباز گلگت بلتستان کے حلقہ دو سے دھاندلی کے ثبوت خود غائب کررہے ہیں۔

پی پی پی کارکنوں کی جانب سے ائیرپورٹ روڈ، سینما چوک اور کلمہ چوک پر ٹائر جلاکر سڑک کو بلاک کیا گیا۔ پارٹی کارکنوں کا کہنا ہے کہ پر امن احتجاج کرنا ہمارا حق ہے اور احتجاج جاری رکھیں گے۔

دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کی سیکریٹری اطلاعات سعدیہ دانش نے ایک بیان میں کہا ہے کہ علی امین گنڈاپور کی ہدایت پر گلگت کے حلقہ دو میں دھاندلی کے خلاف احتجاج کرنے والے پر امن مظاہرین پر شیلنگ افسوس ناک ہے۔

سعدیہ دانش نے کہا کہ تین بڑی سیاسی جماعتوں سے چیف الیکشن کمشنر کا تحریری معاہدہ ہوا تھا کہ فرانزک نتائج آنے تک حلقہ دو کا رزلٹ جاری نہیں ہوگا۔ چیف الیکشن کمشنر نے سیاسی جماعتوں کے اس تحریری معاہدے کو اپنے دفتر کے ریکارڈ سے غائب کرادیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے چیف الیکشن کمشنر راجہ شہباز پی ٹی آئی کے ایک رکن کا کردار ادا کررہے ہیں۔ گلگت بلتستان کے چیف الیکشن کمشنر راجہ شہباز کے روئیے کی وجہ سے صوبے میں نقصِ امن کا خدشہ پیدا ہوچکا ہے۔ ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے