بلوچستان کے تعلیمی اداروں میں وباء کے پھیلاؤ کا رسک یکساں ہے،ڈاکٹرربابہ بلیدی
کوئٹہ:ملک بھر میں کورونا وائرس کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے اسلام آباد میں این سی او سی اور بین الصوبائی وزارتی کانفرنس کا انعقاد ہوا دونوں فورمز پر بلوچستان کی نمائندگی پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کی بین الصوبائی وزارتی کانفرنس کی صدارت وفاقی وزیر اسد عمر خان اور تعلیم و صحت سے متعلق این سی او سی کے اجلاس کی صدارت وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود اور وزیر اعظم کے خصوصی معاون برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کی دونوں فورمز پر ویڈیو لنک کے ذریعے بلوچستان کی صورتحال پر روشنی ڈالتے ہوئے پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ بلوچستان میں کورونا وائرس کا موجودہ تناسب 7 اشاریہ 5 فیصد ہے کورونا وائرس کی دوسری لہر کی ترویج کا تناسب پہلی کے مقابلے میں دگنا ہے اس لئے ہمیں بہت زیادہ احتیاط برتنے کی ضرورت ہے موسمی حالات کے قطع نظر بلوچستان کے سرد اور گرم علاقوں کے تعلیمی اداروں میں وباء کے پھیلاؤ کا رسک یکساں ہے انہوں نے کہا کہ بعض تعلیمی ادارے کوویڈ ٹیسٹ کرانے سے گریزاں ہیں اور ان اداروں کی انتظامیہ نے محکمہ صحت کی ٹیموں کو واپس کردیا کورونا وائرس کی دوسری لہر سے نمٹنے کیلئے این سی او سی کے فیصلوں پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنانا ہوگا اجلاس میں وفاقی وزراء اسد عمر خان، شفقت محمود اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے محکمہ صحت بلوچستان کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی کی طبی تحقیقی رائے و خدمات پر انہین خراج تحسین پیش کیا۔