حکومتی اجازت نہ ملنے کے باوجود پشاور میں آج ہونے والے جلسے کی تمام تیاریاں مکمل

پشاور:آج صبح گیارہ بجےہونے والے جلسے کے لیے دلزاک روڈ چوک پر پوسٹر اور بینر آویزاں کر دیے گئے ہیں جب کہ ساؤنڈ سسٹم بھی لگا دیاگیا ہے۔

پشاور میں آج ہونے والے جلسے کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں اور رہنماؤں نے جوشیلے خطاب کے لیے تقاریر بھی تیار کر لی ہیں۔

حکومتی اجازت نہ ملنے کے باوجود پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم ) نے پشاور میں جلسے کے لیے پنڈال سجالیا ہے۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ ایک ٹرمپ چلا گیا، اب پاکستانی ٹرمپ کو بھی چلتا کریں گے۔

پیپلزپارٹی کی جانب سے جلسہ گاہ پر رات گئے آتشبازی کی گئی، آتشبازی کے اس شاندار مظاہرے سے جیالوں کا جوش اور بڑھ گیا۔

سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ ناجائزحکمراں بذات خود کورونا ہیں، ملک میں ناجائز حکومت کے خلاف تحریک جوبن پر ہے۔

پیپلزپارٹی، ن لیگ، اے این پی اور پی ڈی ایم میں شامل دیگر جماعتوں کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ جلسے کے لیے کسی کی اجازت کی ضرورت نہیں وہ پاکستان بچانے نکلے ہیں۔

پی ڈی ایم کے کارکنوں کا کہنا ہےکہ گوجرانوالہ، کراچی اور کوئٹہ کی طرح پشاور میں بھی تاریخی جلسہ کیا جائے گا۔
دوسری جانب پی ڈی ایم جلسے کے باعث پشاورضلع میں صبح سے لیکر رات تک بڑی گاڑیوں کا داخلہ بند کر دیا گیا ہے

واضح رہے کہ ملک میں کورونا کی دوسری لہر میں شدت آنے کے بعد حکومت کی جانب سے 300 سےزیادہ افراد کے تمام آؤٹ ڈور اجتماع پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے