افغانستان میں امن افغانوں کے بعد سب سے زیادہ ہمارے مفاد میں ہے:عمران خان
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ان کا کابل کا دورہ افغانستان میں امن کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ تھا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ میں نے کبھی کسی تنازع کے فوجی حل پر یقین نہیں کیا، یقین ہے افغانستان میں سیاسی بات چیت کے ذریعے امن ہوگا۔
عمران خان نے کہا کہ افغانستان میں امن افغانوں کے بعد سب سے زیادہ ہمارے مفاد میں ہے۔ افغانستان میں امن سے تجارت اور رابطے ممکن ہوں گے۔ انتجارت اور رابطوں سے دونوں ملکوں کے عوام کیلئے خوشحالی آئے گی۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ امن و تجارت کے ثمرات بطور خاص ہمارے قبائلی عوام تک پہنچیں گے جنہوں نے افغان جنگ کی تباہ کاریوں کا بارِگراں اٹھایا۔
یاد رہے گزشتہ روز کابل میں افغان صدر اشرف غنی کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ پاکستان افغانستان کے ساتھ تعلقات کی مزید بہتری کا خواہاں ہے، افغانستان میں امن کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہیں۔
عمران خان نے کہا تھا کہ دورہ کابل کے لیے آپ کی دعوت کا مشکور ہوں۔ پاکستان اور افغانستان کے درمیان اچھے تعلقات ہیں۔ 60کی دہائی میں کابل سیاحت کے لیے بہترین مانا جاتا تھا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں مذاکرات کے باوجود تشدد پر تشویش ہے، افغان حکومت اور طالبان میں جنگ بندی چاہتے ہیں، ہمیشہ یہی موقف رہا تشدد کسی مسئلے کا حل نہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ پاکستان افغانستان کے ساتھ تعلقات کی مزید بہتری کا خواہاں ہے۔ ہمیشہ سے یہی موقف رہا ہے کہ طاقت سے کوئی بھی مسئلہ حل نہیں ہوتا۔ بدقسمتی سے افغانستان میں تشدد کےواقعات میں اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان نے افغانستان میں قیام امن کے لیے معاونت فراہم کی۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے قبائلی علاقے متاثر ہوئے۔ کابل اور اسلام آبادکے درمیان مسلسل رابطے رہنے چاہییں۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام اور حکومت افغانستان میں امن چاہتے ہیں۔ افغانستان میں امن ہمارے اپنے مفاد میں ہے۔ افغانستان میں امن کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہیں۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے افغان صدر اشرف غنی نے کہا تھا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان اچھے تعلقات ہیں۔ افغانستان آنے پر وزیراعظم عمران خان کا مشکور ہوں۔ پاکستان اور افغانستان کےدرمیان تعلقات کی نوعیت سے سب آگاہ ہے۔
افغان صدر اشرف غنی نے کہا تھا کہ پاکستان اور افغانستان میں تعاون علاقائی ترقی کے لیے ناگزیر ہے، دونوں ممالک کے مفادات مشترکہ ہیں ،افغانستان کے عوام جنگ کا خاتمہ چاہتے ہیں۔