اداروں کے درمیان بہتر تعلقات انتہائی اہمیت کے حامل ہے،پروفیسر ڈاکٹر شفیق الرحمان
کوئٹہ :مسعود احمد اعوان ریجنل چیف حبیب بینک لمیٹڈ(ایچ بی ایل) بلوچستان نے جامعہ بلوچستان کا دورہ کیا۔جامعہ کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شفیق الرحمان سے ملاقات کی۔ اور شعبہ آئی ایم ایس (انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ سائنسز) کے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں شعبہ کے اساتذہ اور طلباء و طالبات بھی موجود تھے۔ اور شعبہ آئی ایم ایس میں دو سیمینار ہال کا افتتاح کیا گیا۔

جو کہ حبیب بینک کے تعاون سے بنائے گئے ہیں۔ جو ڈاکٹر شفیق الرحمان اورمسعود احمد اعوان کے نام سے منسوب ہیں۔ اس موقع پر جامعہ کے وائس چانسلر نے حبیب بینک کے تعاون کو سرہاتے ہوئے کہاکہ اداروں کے درمیان بہتر تعلقات اعلیٰ تعلیم و تحقیق کے حصول کے لئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔کیونکہ جامعہ کے شعبہ آئی ایم ایس مارکیٹ سے مطابقت رکھنے والے شعبہ جات میں اعلیٰ تعلیم کے مواقع طلبہ کو مہیا کررہی ہے۔ اور حبیب بینک کے ساتھ مختلف پروگرامز کو مشترکہ طور پر فروغ دیا جارہا ہے۔ طلبہ انٹرشپ پروگرامز میں حصہ لے رہے ہیں اور مشترکہ طور پر تربیتی سرگرمیوں کو پروان چڑھانادور رس نتائج کے حامل ہیں۔ اور اسی تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے مستقبل میں بھی مشترکہ طور پر تعلیمی، تربیتی سرگرمیوں کو عملی جامہ پہنایا جائے گا۔ حبیب بینک کے ریجنل چیف نے جامعہ کے تعلیمی، تحقیقی سرگرمیوں کو سراہا اور مستقبل میں تعاون و اشتراک عمل کو جاری رکھنے اور مختلف منصوبوں میں جامعہ کے ساتھ مشترکہ طور پر بروء کار لانے سمیت مختلف پروگرامز میں اپنا بھر پور تعاون کا یقین دلایا۔بعدازاں وائس چانسلر کے ہمراہ انہوں نے چائنیز اسٹڈی سینٹر، بلوچستان اسٹڈی سینٹر، شعبہ میڈیا اینڈ جرنلزم اور مختلف شعبہ جات کا دورہ کیا۔ اور آخر میں جامعہ کے وائس چانسلر نے انہیں جامعہ کی جانب سے شیلڈ پیش کیں۔
