کورونا وبا ، ہمارا یا اپوزیشن کاجلسے خطرناک ہیں،شبلی فراز
اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات شبلی فراز نے اپوزیشن کی جانب سے جلسوں کے انعقاد پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا وائرس سیاسی وبا نہیں، موجودہ صورتحال میں جلسے خطرناک ہیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہمارا واسطہ ان لوگوں سے ہے جنہوں نے انتہا کی کرپشن کی۔ یہ خود کو قانون سے بالاتر سمجھتے ہیں۔ انہی لوگوں نے اداروں کو مفلوج کیا ہے۔ اپوزیشن کا رویہ غیر ذمہ دارانہ ہے۔ ان کی اپنی فیملی کے ممبران بیرون ملک بیٹھے ہیں۔ انتظامیہ کو بھی اپنا رول ادا کرنا ہوگا۔
انہوں نے اپیل کی کہ کورونا وبا کے دوران ہمارا ہو یا اپوزیشن کا، عوام کسی صورت بھی اس میں نہ جائیں۔ جلسوں سے عوام کو نقصان ہوگا۔ کورونا وبا پوری دنیا میں پھیل رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ 2018ء کی طرح گلگت بلتستان کی عوام نے بھی اپوزیشن کو مسترد کردیا لیکن یہ لوگ کس منہ سے جلسے کر رہے ہیں، ان کی حیثیت کیا ہے۔ یہ لوگ الیکشن نتائج کو نہ ماننے والے ہوتے کون ہیں۔ بچپن میں سنتے تھے الٹا چور کو توال کو ڈانٹے۔ بیرون ممالک میں جن کی جائیدادیں پکڑیں گئی، وہ ڈھٹائی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔
شبلی فراز کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں لوگوں کی زندگیاں اور کاروبار محفوظ رہے۔ تحریک انصاف نے کورونا کی وجہ سے تمام جلسے ملتوی کر دیئے ہیں۔ ہم نہیں چاہتے کہ ملک میں دوبارہ کورونا پھیلے۔ مولانا فضل الرحمان کو مذہبی رہنما ہونے کے ناطے لوگوں کو تلقین کرنی چاہیے لیکن وہ بھی سیاسی ناٹک کرتے ہیں۔ مولانا اسلام کے نام پر سیاست کر رہے ہیں۔ ملک میں وبائی صورتحال پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کورونا کی وجہ سے اموات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ کورونا کی وبا سیاسی نہیں، ایک سنجیدہ مسئلہ ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان نے شبر زیدی کے حوالے سے جھوٹا بیان دیا حالانکہ شبر زیدی نے کہا تھا کہ پاکستان میں اگر کوئی ایماندار لیڈر ہیں تو وہ عمران خان ہے، مولانا فضل الرحمان میں اتنی شائستگی کہاں کہ معذرت کر لیتے۔